حلقہ 157‘پی ڈی ایم نے ٹکٹ نہ دیا تو آزاد حیثیت میں الیکشن لڑوں گا‘ عبدالغفار ڈوگر

05 اگست ، 2022

ملتان (سٹاف رپورٹر) ضمنی الیکشن حلقہ 157 کے لئے پاکستان مسلم لیگ ن کے سابق ایم این اے ملک عبدالغفار ڈوگر نے بھی کاغذات نامزدگی حاصل کرلئے ہیں ،وہ آج کاغذات نامزدگی داخلکرائیں گے ،واضح رہے کہ پی ڈی ایم کی جانب سے اس حلقہ میں پیپلزپارٹی کے علی موسیٰ گیلانی کو مشترکہ امیدوار بنایا گیا ہے ،تاہم عبدالغفارڈوگر نے ان کی حمایت سے انکار کردیا ہے ،ان کا کہنا ہے کہ اگر قیادت نے ان کو ٹکٹ جاری نہ کیا ،تو وہ آزاد حیثیت میں الیکشن میں حصہ لیں گے ، اس پر پیپلزپارٹی کی قیادت کی جانب سے مسلم لیگ ن کی قیادت سے رابطہ کرلیا گیا ہے ،جس میں ملک عبدالغفار ڈوگر کو پی ڈی ایم کے مشترکہ امیدوار علی موسی گیلانی کی حمایت پر آمادہ کرنے کا کہاگیا ہے ،ذرائع کے مطابق اس پر حمزہ شہبازشریف نے ملک عبدالغفارڈوگر سے رابطہ کرکے نہیں ملاقات کے لئے لاہور آنے کا کہا ہے ، ملک عبدالغفار ڈوگر نے پارٹی قیادت کے سامنے اس حوالے سے اپنے تحفظات کا اظہار کیا ہے ،یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ انہوں نے حلقہ 157 سے دستبرداری کی صورت میں شاہ محمودقریشی کے استعفیٰ سے خالی ہونے والی نشست 156پر انہیں امیدوار بنانے کی یقین دہانی مانگی ہے ،یاد رہے کہ حلقہ 156 میں رانا اور ارائیں گروپ مسلم لیگ ن کے مظبوط دھڑے موجود ہیں اور انہوں نے اس تجویز کی سخت مخالفت شروع کردی ہے۔