پی ٹی آئی کیخلاف درخواست قابل سماعت ہونے کے حوالے سے دلائل طلب

05 اگست ، 2022

اسلام آباد(جنگ رپورٹر) پی ٹی آئی قائدین اور چیئر مین کی جانب سے ریاستی اداروں کے خلاف اشتعال انگیز اور توہین آمیز تقاریر کے خلاف دائر درخواست کی سماعت کے دوران سپریم کورٹ نےدرخواست گزار کے وکیل کو درخواست کے قابل سماعت ہونے کے حوالے سے دلائل پیش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے مزید سماعت ستمبر کے پہلے ہفتے تک ملتوی کردی ، جسٹس اعجازالاحسن نے ریمارکس دیے کہ درخواست گزار پہلے بتائے کہ معاملہ سپریم کورٹ کے براہ راست اختیار سماعت کے تحت قابل پزیرائی بھی ہے یا نہیں ؟ عدالت کوپہلے مقدمہ کے قابل سماعت ہونے پر مطمئن کریں پھر ہی فریقین کو نوٹس جاری کرینگے،جمعرات کو جسٹس اعجاز الاحسن کی سربراہی میں2رکنی بینچ نے قوسین فیصل کی درخواست کی سماعت کی تو درخواست گزار کے وکیل نے دلائل دیتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ حکومت جاتے ہی عمران خان اور ساتھیوں نے اشتعال انگیزی شروع کر دی، تقاریر اور بیانات سے عدلیہ، فوج اور الیکشن کمیشن کو کمزور کیا جا رہا ہے، بطور شہری ریاستی اداروں کیخلاف بیانات پر تکلیف پہنچی ہے ۔