بجلی کے بلوں میں ٹیکسز کیخلاف تاجروں کا احتجاج جاری ،بلز نذر آتش

05 اگست ، 2022

ملتان، اوچ شریف، کہروڑ پکا، دھوری اڈا (سٹاف رپورٹر،نامہ نگاران) بجلی کے بلوں میں ٹیکسز کی بھرمار کے خلاف تاجروں کا احتجاج جاری۔ چیمبر آف سمال ٹریڈرز کے زیر اہتمام انجمن تاجران ریلوے روڈ کے صدر میاں ظفر اقبال کی زیر قیادت ٹائر جلاکر روڈ بلاک کر کے بجلی کے کمرشل بلوں میں سیلز ٹیکس شامل کرنے کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔مقررین نے کہا کہ سیلز ٹیکس والے کمرشل بجلی کے بل ادا نہ کرنے اور بجلی کنکشن کاٹنے والے میپکو اہلکار اپنے ذمہ دار خود ہونگے۔تاجر برادری اس ناجائز سیلز ٹیکس کے ختم ہونے تک چین سے نہیں بیٹھے گی۔ان ناجائز ٹیکسوں کی وجہ سے ہمارے گھروں کے چولہے ٹھنڈے ہوچکے ہیں بیروزگاری کی وجہ سے تاجر اور عوام بہت پریشان ہیں اوپر سے امپورٹیڈ حکومت نے بجلی کے بلوں میں ٹیکس لگاکر ہم سے جینے کا حق بھی چھین لیا ہے۔اس موقع پر انہوں نے سیلز ٹیکس والے کمرشل بجلی کے بل ادا نہ کرنیکا اعلان کیااور بجلی کے بل نذر آتش کیے گئے۔ مظاہرہ میں ریلوے روڈ کے جنرل سیکرٹری ملک اظہر سندیلہ،نائب صدر غلام مصطفی باؤ، حاجی نسیم، وسیم قریشی، محمد راشد، طاہر قریشی نے شرکت کی اورحکومت اور واپڈا کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔دریں اثنا ناجائز ٹیکس کے خلاف خیر پور روڈ کو بلا ک کر کے احتجاج کرتے ہوئے بلوں کو آگ لگا دی گئی۔ جس سے ٹریفک کی لمبی لائنیں لگ گئیں، میاں سرمد اعجاز، فلک شیر، میاں سلیم، میاں عمران،منصور اختر، بشیر احمد، نوید احمد، راشید، ظہور احمد، شبیر احمدودیگر نے کہا کہ حکومت نے بلوں میں نا جائز اورظالمانہ اضافہ کر کے دووقت کی روٹی بھی چھین لی ہے اضافہ واپس نہ کیا گیا تو ہڑتال کرکے پہیہ جا م کردیا جائے ۔ اسی طرح گزشتہ روز منی یادگار چوک اعظم میں انجمن تاجران اور شہری اتحاد کا حکومتی بجلی بلوں میں حالیہ ظالمانہ ٹیکس لگانے بارے مشترکہ طور پر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا تمام کاروباری مراکز بند رکھے، کاروباری شخصیت کی بڑی تعداد نے احتجاجی مظاہرے میں شرکت کی اور حکومت کے خلاف حکومتی ظالمانہ ٹیکس نامنظور نامنظور کے شدید نعرہ بازی کی۔ اسی طرح انجمن تاجران محمدی بازار سورج میانی ملتان میں انجمن تاجران جنوبی پنجاب کے صدر عارف فصیح اللہ اور انجمن تاجران محمدی بازار کے عہدیداران سرپرست اعلیٰ ملک اختر بھٹی ،صدر حاجی منظور کھوکھر،جنرل سیکرٹری ملک اشرف منگن، نایب صدر ملک نوید سیوڑہ،فنانس سیکرٹری سلیم چوغطہ اور معزز عہدیداران اور تاجران کی حکومت کی طرف سے بجلی کے بلوں میں ظالمانہ ٹیکسوں کے خلاف احتجاج کیا۔ دوسری جانب بجلی کے بلوں میں اضافے اور ٹیکسز کے خلاف اوچ شریف کے شہریوں نے الشمس چوک پر احتجاجی مظاہرہ کیا، احتجاجی مظاہرین کا غصہ اور جوش دیدنی تھا۔ مرکزی تنظیم تاجران پاکستان کے صدر محمد کاشف چوہدری نے کہا ہے کہ اگر حکو مت نے ملک بھر کے چھوٹے تاجروں پر بجلی کے کمرشل بلوں پر تین سے بیس ہزار سیلزٹیکس کے ظالمانہ نفاذ کو ختم کر نے کا نو ٹیفکیشن نہ کیا تو پورے پاکستان میں17اگست کو ملک گیر شٹرڈاون ہڑتال کر یں گے ، ان خیالات کا اظہار انھوں نے احتجاجی مظاہرے سے خطاب کر تے ہو ئے کیا ۔ اس موقع پر ملک ظہیر ، راجہ زاہد دھنیال ، بابر عباسی ، ملک زبیر ،قمرالزمان عباسی اور دیگر تاجر رہنماوں نے بھی خطاب کیا۔