کامن ویلتھ گیمز‘آسٹریلین کھلاڑیوں نے میڈلز کی پانچویں سلور جوبلی مکمل کر لی

05 اگست ، 2022

بر منگھم ( نمائندہ خصوصی ) کامن ویلتھ گیمز میں جمعرات کو انگلینڈ کی کینڈی جینا نے خواتین اسکواش کا ٹائٹل جیت لیا ،وہ یہ اعزاز حاصل کرنے والی پہلی انگلش کھلاڑی ہیں جنہوں نے کامن ویلتھ گیمز میں اسکواش میں گولڈ میڈل جیتا ہے، نیوزی لینڈ کے کول پال نے مردوں کا اسکواش فائنل جیت کر گولڈ میڈل اپنے نام کیا، بھارتی باکسر امیت نے 51 کے جی باکسنگ مقابلے کے سیمی فائنل میں رسائی حاصل کر لی،اسکاٹ لینڈ کی 31سالہ میک کولیگن ایلش نے خواتین کی دس ہزار میٹرز ریس جیت لی،نیٹ بال میں جمیکا نے آسٹریلیا کو جبکہ ویلز نے بار باڈوس کو ناکامی سے دوچار کیا، ٹی ٹوئنٹی خواتین کر کٹ میں سری لنکا کی ٹیم جنوبی افریقا کے ہاتھوں دس وکٹ کی شکست سے دوچار ہوئی، سری لنکا کی ٹیم صرف46رنز پر آؤٹ ہوگئی جو اس کا ٹی ٹوئنٹی میں سب سے کم اسکور ہے، جنوبی افریقا نے بغیر کسی نقصان کے 49رنز بناکر دس وکٹ سے فتح سمیٹی،خواتین ہاکی میچ میں انگلینڈ نے ویلز کو نیوزی لینڈ نے جنوبی افریقا کو شکست دی۔آسٹریلین کھلاڑیوں نے جمعرات کو میڈلز کی پانچویں سلور جوبلی مکمل کر لی، ان کے تمغوں کی مجموعی تعداد 125 ہوگئی ہے جس میں48گولڈ38 سلور39 برانز میڈلز شامل ہیں ۔