حضرت بابا فریداور حضرت سلطان باہو ؒ کے عرس کی تقریبات جاری،مزارات پر 5000 بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے گئے

05 اگست ، 2022

لاہور(خصوصی نمائندہ) صوفی بزرگ حضرت بابا فرید گنج شکرؒ اور حضرت سلطان باہو ؒ کے عرس کی تقریبات زور و شور سے جاری ہیں۔ چار روز کے دوران دونوں مزارات پر اب تک 5000 بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے گئے ہیں، عرس کی تقریبات کے ساتھ ہی دونوں مزارات پر 16 پولیو ٹیمیں تعینات کی گئی تھیں۔ مزارات پر تعینات کردہ یہ ٹیمیں پاکپتن اور جھنگ میں بیک وقت شروع ہونے والے عرس کی 10روزہ تقریبات کے دوران پانچ سال یا اس سے کم عمر کے تمام بچوں کو پولیو ویکسین کے قطرے پلانا یقینی بنائیں گی۔ گذشتہ برس کے اعدادوشمار کے مطابق عرس کی تقریبات میں پنجاب اور دیگر صوبوں سے تعلق رکھنے والے 33 ہزار بچوں کی آمد متوقع ہے۔ یہ پولیو ٹیمیں دو شفٹوں میں کام کر رہی ہیں تاکہ ہر بچے کو پولیو ویکسین کے قطرے پلانا یقینی بنایا جاسکے۔ پنجاب اکتوبر 2020 سے پولیو کیسوں سے پاک ہے۔ تاہم جب تک پاکستان اور افغانستان سے پولیو کا مکمل خاتمہ نہیں ہوجاتا اس وقت تک اس کامیابی کے منفی رُخ اختیار کرنے کا خطرہ موجود رہے گا۔