لاہور ہائیکورٹ کا لیہ کے گاؤں لالہ زار کو بجلی کی فراہمی کا حکم

05 اگست ، 2022

لاہور(کورٹ رپورٹر) لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس محمد شان گل نے وفاقی حکومت اور متعلقہ اداروں کو لیہ کے گاؤں لالہ زار کو بجلی کی فراہمی کے لئے اقدامات کا حکم دیتے ہوئے 15ستمبر تک عمل درآمد رپورٹ طلب کرلی، دوران سماعت فاضل جج نے ریمارکس دئیے کہ فیلڈ میں ایسے ذمہ دارافسروں کی ضرورت ہے جو عوامی شکایات کےازالے کے لئے فوری اقدامات کریں،چیف سیکرٹری ایسے افسران کی حوصلہ افزائی کریں۔درخواست گزار رانا بلال کے وکیل اظہر صدیق نے کہا کہ لیہ کے گاؤں لالہ زارکے مکین آج بھی بجلی جیسی بنیادی سہولت سے محروم ہیں جو بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہے،عدالتی حکم پر ڈی سی لیہ امتیاز کچھی نے عدالت میں پیش کر بتایا کہ ٹرانسفارمر، کھمبے اور تاروں کی تنصیب کیلئے فنڈز کی عدم دستیابی کا معاملہ درپیش ہے تاہم حکم پر فوری عمل درآمد کی یقین دہانی کرائی ۔عدالت نے ڈی سی لیہ کے اب تک کے اقدامات کو سراہا اور ایڈیشنل اٹارنی جنرل نصر احمد کو معاملے کی نگرانی اور فنڈز کی دستیابی یقینی بنانے کیلئے اقدامات کی ہدایت کی ۔