خان گڑھ میں طویل لوڈشیڈنگ، شدید گرمی میں لوگوں کا براحال

05 اگست ، 2022

خان گڑھ ( نامہ نگار)خانگڑھ میں طویل لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے جس کی وجہ سے شدید گرمی میں لوگوں کا براحال ہو گیا، خانگڑھ سٹی ون سمیت دیگر تمام فیڈرز پر جمعرات کے روز بدترین خودساختہ لوڈشیڈنگ کی گئی جس سے ہر10 منٹ بجلی فراہمی کے بعد ڈیڑھ گھنٹہ بجلی بند رکھی گئی اور شدید حبس میں شہریوں کا برا حال تھا جبکہ کاروبار زندگی ٹھپ ہو کر رہ گئی اور تاجر برادری ہاتھ پر ہاتھ دھرے رہ گئی ،دوسری جانب مساجد میں پانی تک نایاب ہو گیا اور واپڈا دفتر خانگڑھ سے بجلی کی بندش کا کوئی بھی تسلی بخش جواب نہیں دیا گیا اور روایتی طور پر فنی خرابی کا کہہ کر ٹالا جاتا رہا ،عوامی حلقوں نے واپڈا خان گڑھ کی طرف سے بجلی کی بندش پر احتجاج کرتے ہوئے میپکو چیف سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے ۔