سیاسی منظر نامہ :سیاسی اور قانونی جنگ ایک ساتھ جاری

05 اگست ، 2022

اسلام آباد ( طاہر خلیل ) سیاسی اور قانونی جنگ ایک ساتھ چل رہی ہے ، عمران خان کی نا اہلی کا معاملہ ہے اور ساتھ ہی میاں نواز شریف کی اہلیت بحالی معاملہ بھی چل رہا ہے ، میاں نواز شریف کی وطن واپسی کی تیاریاں ہیں ، فیصلہ ساز اور پالیسی ساز جانتے ہیں کہ لیول پلئینگ فیلڈ کا تقاضا ہے کہ خان صاحب کے مقابلے کیلئے میاں صاحب کو بھی گیم میں شامل ہونے کی اجازت دی جائے ، گزشتہ ماہ اسحٰق ڈار کی واپسی کا پکا پروگرام تھا، 17 جولائی کے ضمنی انتخابات میں پنجاب میں مسلم لیگ (ن) کی شکست اور اس کے نتیجے میں حمزہ حکومت کا خاتمہ منظر نامے میں بڑی تبدیلی اور اسحٰق ڈار کی واپسی بھی موخر ہو گئی لیکن میاں نواز شریف کی واپسی کی تیاریاں برقرار ہیں اور میاں صاحب کے قریبی حلقے حکمت عملی بیان کرتے ہیں کہ میاں صاحب آئیں گے اور ائر پورٹ سے سیدھے عدالت جائیں گے اور راہداری ضمانت حاصل کر یں گے اور بعد ازاں سزا معطل کرانے کا کیس لڑیں گے ۔