پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ نے عمران خان کو نااہل کرانے کیلئے الیکشن کمیشن میں ریفرنس دائر کردیا

05 اگست ، 2022

اسلام آباد (ایجنسیاں)پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) نے غیر ملکی شہریوں سے ممنوعہ فنڈنگ لینے پر سابق وزیر اعظم عمران خان کو نااہل قرار دینے کے لیے الیکشن کمیشن میں ریفرنس دائر کردیا۔ رکن قومی اسمبلی بیرسٹر محسن شاہ نوازرانجھا نے نااہلی کے لیے ریفرنس چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا کو جمع کروایا جس پر قومی اسمبلی کے اراکین آغا حسن بلوچ، صلاح الدین ایوبی، علی گوہر خان، سید رفیع اللہ آغا اور سعد وسیم شیخ کے دستخط تھے۔ذرائع کا کہنا ہےکہ عمران خان کے خلاف ریفرنس کی کاپی اسپیکر قومی اسمبلی کو بھی بھیج دی گئی ہے۔صباح نیوزکے مطابق پی ڈی ایم نے ریفرنس میں موقف اختیار کیا ہے کہ عمران خان نے توشہ خانہ سے ملنے والے تحائف اثاثوں میں ظاہر نہیں کیے، عمران خان کو آئین کے آرٹیکل 62 ون ایف کے تحت نااہل قرار دیا جائے ۔