سینیٹ قائمہ کمیٹی نے ایکسپورٹ امپورٹ بینک آف پاکستان بل کی منظوری دیدی

05 اگست ، 2022

اسلام آباد (نمائندہ جنگ) سینیٹ کی قائمہ کمیٹی خزانہ نے ایکسپورٹ امپورٹ بینک آف پاکستان بل 2022کی منظوری دے دی جبکہ حکومتی ملکیتی اداروں کی مالیاتی اور آپریشنز معاملات سے متعلق بل 2022آئندہ اجلاس تک کے لئے موخر کر دیا ہے۔ قائمہ کمیٹی کا اجلاس سینیٹر سلیم مانڈوی والا کی زیر صدارت ہوا۔ کمیٹی نے ایگزم بینک بل متفقہ طور پر منظور کیا۔ بینک کے سی ای او عرفان بخاری نے کہا کہ اس بل کی منظوری سے ملک کی برآمدات پر مثبت اثر پڑے گا اور برآمدکنندگان کو مساوی مواقع ملیں گے۔ حکومتی ملکیتی اداروں سے متعلق بل پر وزیر مملکت عائشہ غوث پاشا نے کہاکہ ملک میں 212سرکاری ادارے ہیں جو وفاقی حکومت کے 20 مختلف ڈویژن کے تحت کام کرتے ہیں۔ 2019میں آئی ایم ایف نے ان اداروں اصلاحات کے لئے کہا تھا۔ اس بل سے ان اداروں اور کمپنیوں کی گورننس اور کارکردگی بہتر ہوگی۔