جنرل اسمبلی 77 ویں تہلکہ خیز سیشن میں وزیراعظم کی شرکت کا امکان

05 اگست ، 2022

اسلام آباد (تجزیاتی رپورٹ:حنیف خالد) اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کا 77واں سیشن اقوام متحدہ ہیڈ کوارٹر نیویارک میں 13ستمبر سے شروع ہونیوالا ہے۔ یوکرین پر روس کے حملے سے پیدا شدہ صورتحال اور امریکی ایوان نمائندگان کی سپیکر میڈم نینسی پلوسی کے حالیہ ہفتے کے ٹاک آف دی ٹائون بننے والے دورہ تائیوان کے پس منظر اور پیش منظر 77ویں سیشن میں گرما گرمی پیدا کریگا۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل اونٹونیو گوتریس 13ستمبر کے جنرل اسمبلی کے سیشن کے آغاز پر رکن ممالک کے صدور‘ وزرائے اعظم اور وفود کے سربراہان کے خیرمقدم کے بعد امریکہ کے صدر جوبائیڈن کو خطاب کی دعوت دینگے۔ امریکی صدر جوبائیڈن اُسی روز اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 77ویں سیشن میں شرکت کیلئے آنے والے غیرملکی سربراہوں کے اعزاز میں نیویارک کے معروف ہوٹل میں استقبالیہ دینگے اور ہر مہمان ملک کے صدر اور وزیراعظم کا استقبالئے میں خود خیرمقدم کرینگے۔