سندھ کی سرکاری زمینوں سے قبضے ختم کرانے کا حکم، تین ماہ میں رپورٹ طلب

05 اگست ، 2022

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) سپریم کورٹ نے تین ماہ میں سرکاری زمینوں ، رفاہی پلاٹس پر قصبے ختم کرانے کا حکم دیتے رپورٹ طلب کر لی۔ سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں سندھ میں سرکاری زمینوں پر قبضے کا خاتمہ اور ریونیو رکارڈ کمپیوٹرائزڈ کے ازخود نوٹس کیس کی سماعت ہوئی۔ جمعرات کو سماعت کے موقع پر عدالت میں ایڈووکیٹ جنرل سندھ ، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو اور دیگر سرکاری وکلاء پیش ہوئے۔ عدالت نے سست روی پر سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو کی سرزنش کردی۔ ایڈووکیٹ جنرل سندھ نے کہا کہ سرکاری زمینوں پر قبضے ختم کرانے کی کارروائی ابھی تک جاری ہے۔ عدالت نے استفسار کیا کہ ابھی تک قبضہ ختم کیوں نہیں ہوا ؟ کب تک سرکاری زمینیں واگزار کرائی جائیں گی؟ ایڈووکیٹ جنرل سندھ نے کہا کہ کارروائی میں کوئی کمی نہیں ہوئی لیکن مکمل قبضے ختم کرنے کے لئے وقت درکار ہے۔