ایف بی آر نے 12 لاکھ ٹن فاضل چینی کی تصدیق کردی‘ عہدیدار پسما

05 اگست ، 2022

اسلام آباد (حنیف خالد) پاکستان شوگر ملز ایسوسی ایشن کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے انکشاف کیا ہے کہ ایف بی آر کے جولائی 2022ء کے اعدادو شمار کے مطابق نومبر سے شروع ہونے والے کرشنگ سیزن کے آغاز تک 12لاکھ ٹن فاضل چینی ہو گی جبکہ اپریل 2022ء کو ختم ہونے والے کرشنگ سیزن میں پاکستان کی 82شوگر ملوں نے 60لاکھ ٹن کی قومی ضرورت کے مقابلے میں 20لاکھ ٹن اضافی چینی بنائی ہے۔ اس بار کپاس کے زیرکاشت رقبہ میں 10فیصد اضافی گنا بویا گیا ہے اور مون سون کی زیادہ بارشوں کی وجہ سے بہتر پیداوار ہونے کی توقع ہے۔ اعلیٰ عہدیدار کے مطابق آئندہ سیزن میں جو نومبر سے مارچ 2023ء تک جاری رہے گا گزشتہ سال سے بھی تقریباً 20لاکھ ٹن زیادہ چینی بنے گی اور اگر حکومت نے فوری چینی کے موجودہ اسٹاکس شوگر ملوں کو برآمد کرنے کی اجازت نہ دی تو اس کا انتہائی برا اثر شوگر انڈسٹری‘ گنے کے کاشت کاروں اور متعلقہ لوگوں پر پڑے گا۔