پرائم منسٹر پورٹل کی ناقص کارکردگی، اوور سیز پاکستانیز کی شکایات کا انبار

05 اگست ، 2022

ٹوکیو (عرفان صدیقی) وزیر اعظم شکایات سیل اور پرائم منسٹر پورٹل کی ناقص کارکردگی کے باعث اوورسیز پاکستانیوں کی شکایات کے انبار لگ گئے ، بااثر سفارتی افسران کی شکایات پر درجنوں پاکستانیوں کی آئی ڈیز بلاک کردی گئیں۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف تک ملک و بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے اپنے مسائل پہنچانے کے اہم ترین ذریعے پرائم منسٹر پورٹل کے منتظمین کی ناقص کارکردگی کے باعث اوورسیز پاکستانی مایوسی کا شکار ، نہ صرف شکایات کا ازالہ نہیں کیا جاتا بلکہ اعلیٰ سرکاری حکام کے خلاف شکایات کرنے والے اوورسیز پاکستانیوں کی آئی ڈیز کو بھی بلاک کردیا جاتا ہے جبکہ پرائم منسٹر پورٹل کے انچارج بھی چھٹیوں پر ہیں ، اس حوالے سے جب پرائم منسٹر پورٹل کے منتظم ڈی ایس بلال الیاس سے رابطے کی کوشش کی گئی تو معلوم ہوا کہ وہ بھی ایکس پاکستان چھٹیوں پر ہیں معلوم نہیں کب آئیں گے۔