جمہوری اور مارشل لاء حکومتیں درد دل رکھتیں تو IMFکے غلام نہ ہوتے،شہباز شریف

05 اگست ، 2022

اسلام آ باد (نمائندہ جنگ) وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہےکہ جمہوری اور مارشل لاء حکومتیں درد دل رکھتیں تو IMF کے غلام نہ ہوتے ، بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ آخری فردکے اپنے گھر میں آبادہونے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے، 22 کروڑعوام کی مدد ،محنت و تعاون سے پاکستان کوقائداعظم کا عظیم ملک بنانے کے خواب کوعملی جامہ پہنانے کے راستے میں کوئی رکاوٹ یامشکل کھڑی نہیں ہوسکتی، وسائل سے مالا مال ملک کا معاشی طور پر آئی ایم ایف کا غلام ہونا لمحہ فکریہ ہے، ہمیں اس سے محنت اوراتحاد سےنجات حاصل کرنی ہے، متاثرین سیلاب کے مسئلے پر کوئی اختلاف نہیں ،خیبر پختونخوا سمیت تمام صوبائی حکومتوں کیساتھ ملکر خدمت کررہے ہیں،سیلاب متاثرین کی بحالی کیلئے سب کو اجتماعی حصہ ڈالنا ہو گا ، ان خیالات کا اظہار وزیر اعظم نے ڈیرہ اسماعیل خان میں سیلاب سےمتاثرہ علاقوں کے دورہ کے موقع پر کیا،انہوں نے متاثرین سیلاب کی امدای رقم بڑھانے کا اعلان بھی کیا، اس موقع پرجمعیت علما ئے اسلام کےسربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے دورہ کرنے پروزیر اعظم کا شکریہ اداکرتے ہوئےکہاکہ نوازشریف نے ترقی کاسفرجہاں چھوڑا تھا جلد وہاں سے آغازکریں گے، وزیراعظم متاثرین سےخطاب کرتےہوئے کہاکہ طوفانی بارشوں اورسیلاب نے تباہی مچادی ہے بلوچستان میں سب سے زیادہ نقصان ہواہے، وفاقی اور صوبائی حکومتوں کا فرض ہے کہ وہ مشکل کی اس گھڑی میں متاثرین کیساتھ کندھے سے کندھاملا کر انکی داد رسی کیلئے کھڑے ہوں، وفاقی حکومت نے زخمیوں کے معاوضے کی رقم 25 ہزار سے بڑھاکر اڑھائی لاکھ، تباہ ہونیوالے گھروں کامعاوضہ 2 لاکھ سے بڑھا کر 5 لاکھ روپے ، جزوی نقصان پر معاوضہ 25 ہزار سے بڑھااڑھائی لاکھ روپے کردیاہے، وفاقی حکومت کی جانب سے اموات پر 10 لاکھ جبکہ صوبہ 8 لاکھ روپے دے رہا ہے، وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سے کہا ہے کہ رقم بڑھا کر 10 لاکھ روپے کریں، این ڈی ایم اے کے سربراہ سے کہاہے کہ وہ صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ سے ملکر مشترکہ سروےکریں، پاک فوج بھی مشترکہ سروے میں تعاون کریگی ہم چاہتے ہیں کہ کسی حقدار کاحق نہ ماراجائےاور ہر ایک تک اس کا حق پہنچے سروے کی تکمیل کے بعد اگلا مرحلہ شروع کرینگے، ضلع ٹانک کے سیلاب سےمتاثرہ علاقوں کےدورہ کے موقع پر وزیراعظم کو سیلاب سے نقصانات اور ریلیف اور بحالی کے اقدامات سے آگاہ کیاگیا۔