دوسرانیب ترمیمی بل سینیٹ سے بھی منظور ‘ اپوزیشن کا احتجاج‘ کاپیاں پھاڑدیں

05 اگست ، 2022

اسلام آباد (این این آئی)سینیٹ میں قومی احتساب (نیب) آرڈیننس ثانوی ترمیمی بل 2022 منظور کرلیا گیا‘ جماعت اسلامی کے سینیٹر مشتاق احمد کی تجویز کی گئیں تین ترامیم کثرت رائے سے مسترد ‘ تحریک انصاف سمیت اپوزیشن اراکین کا شدیداحتجاج‘بل کی کاپیاں پھاڑ ڈالیں‘چیئرمین سینیٹ کے ڈائس کا گھیراؤ‘ایوان سے واک آئوٹ کیا۔جمعرات کو وزیرمملکت شہادت اعوان نے قومی اسمبلی سے منظور ہونے والا نیب آرڈیننس دوسرا ترمیمی بل سینیٹ میں پیش کیا۔ سینیٹ اجلاس کے دوران وفاقی وزیراحسن اقبال کی جانب سے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اتھارٹی ایکٹ 2017 میں مزید ترمیم کے لیے پیش کیا گیا بل بھی منظور کیا گیا۔ قبل ازیںاجلا س میں پی ٹی آئی کے ارکان اپنی نشستوں پر کھڑے ہوگئے،سینیٹر اعجاز چوہدری نے نقطہ اعتراض پر کہاکہ پرامن احتجاج ہر شہری کا حق ہے،احتجاج کے باعث پارلیمنٹ اور سپریم کورٹ جانے والے راستے بند کردیئے گئے۔امپورٹڈ حکومت جب سے آئی کوئی ڈھنگ کا کام نہیں کیا،وزیر داخلہ مونچھوں کو مروڑ کر دھمکیاں دیتے ہیں ،یہ امریکہ کی خوشنودی میں لگے ہوئے ہیں ۔انہوںنے کہاکہ ایک ادارے کے اندر بیٹھے ایک شخص نے تحریک انصاف کے خلاف 8 فیصلے دئیے،فارن فنڈنگ والوں کے منہ پر چییڑ پڑی ۔ انہوںنے کہاکہ سب کو بتانا چاہتے ہیں منی لانڈرنگ ایان علی کرتی ہے۔اجلا س کے دور ان سینیٹر مشتاق احمد نے سینیٹ میں نکتہ اعتراض پر اظہار خیال کہاکہ پاکستان کی خودمختاری کا سودا کرکے ڈرون کو فضائی حدود دی گئی، انہوںنے کہاکہ وزیر ہوابازی سعد رفیق نے کہا کہ پاکستان پر فضائی حدود کے حوالے سے دباؤ ہے، بتایا جائے کہ آخر کس نے فضائی حدود دینے کا فیصلہ کیا اور کس کے مطالبہ پر کیا؟،امریکی غلامی اور آئی ایم ایف کی غلامی میں قوم کو دھکیلا جارہا ہے۔