فواد چوہدری کی چیف الیکشن کمشنر کیخلاف ریفرنس واپس لینے کی تصدیق

05 اگست ، 2022

اسلام آباد (نمائندہ جنگ ، این این آئی )فواد چوہدری نے چیف الیکشن کمشنر کیخلاف ریفرنس واپس لینے کی تصدیق کردی ہے جبکہ دوسری طرف بابر اعوان نے کہا ہے کہ چیف الیکشن کمشنر کیخلاف ریفرنس ابھی نہ تو فائل ہوا ہے اور نہ واپس لیا ہے۔انہوں نے چیف الیکشن کمشنر کے خلاف ریفرنس واپس لینے سے متعلق خبروں کی ٹوئٹر پر تردید کی اور کہا کہ ریفرنس پر تیاری جاری ہے جس کیلئے دستاویز ی مواد اکھٹا کیا جا رہا ہے، فیک نیوز لیکس پر کان نہ دھرے جائیں ۔ پاکستان تحریک انصاف نے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کے خلاف سپریم جوڈیشل کونسل میں ریفرنس دائر کرنے کے بعد ترمیم کیلئے واپس لے لیا ہے۔ ریفرنس رجسٹرار آفس پہنچنے کے فوری بعد ہی واپس لے لیا گیا۔ ریفرنس میں ممنوعہ فنڈنگ کیس کا فیصلہ تبدیل ہونے کے نکات شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ تحریک انصاف نے چارٹر آف ڈیمانڈ اور قرارداد الیکشن کمیشن کو پیش کردی ہے۔ پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ مزید قانونی پہلوں کو اجاگر کرنے کیلئے ریفرنس واپس لیا گیا ہے۔ چیف الیکشن کمشنر کے خلاف سپریم جوڈیشل کونسل میں ریفرنس واپس لینے پر فواد چوہدری نے کہا ہے کہ ریفرنس کو روکا ہے ، مزید شواہد ساتھ لگا رہے ہیں۔ اس سے قبل پی ٹی آئی نے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کے خلاف ریفرنس سپریم جوڈیشل کونسل میں دائر کیا جو بابر اعوان ایڈووکیٹ کے ذریعے بھجوایا گیا تھا۔