راجہ ریاض کو ہٹانے کی درخواست‘سپیکر کو 30دن میں فیصلے کی ہدایت

05 اگست ، 2022

لاہور( ایجنسیاں)لاہور ہائیکورٹ نے قومی اسمبلی میںقائد حزب اختلاف راجہ ریاض کوعہدے سے ہٹانے کیلئے دائر درخواست پراسپیکر قومی اسمبلی کو 30 یوم میں فیصلہ کرنے کی ہدایت کر دی جبکہ فاضل عدالت نے ریمارکس دئیے ہیں کہ قائد حزب اختلاف اوراراکین باہر بیٹھے رہیں تو کام کیسے چلے گا‘اسمبلی میں جائے بغیراپوزیشن کیسے ہو گی۔لاہور ہائی کورٹ میں راجا ریاض کو عہدے سے ہٹانے کیلئے دائر درخواست پر جسٹس مزمل اختر شبیر نے سماعت کی‘ عدالت نے درخواست گزار شہری اظہر صدیق سے استفسار کیا کہ اس درخواست میں تو پٹیشنر رکن اسمبلی ہی نہیں‘ وکیل درخواست گزار نے موقف پیش کیا کہ یوسف گیلانی کیس میں میری درخواست کا اسپیکر نے ہی فیصلہ کیا تھا۔ ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالت کو موقف پیش کیا کہ اگر اسپیکر کے سامنے ایک ہی امیدوار آتا ہے تو اسی کا انتخاب ہوگا، اسپیکر نے قانونی دائرہ اختیار میں رہتے ہوئے اپوزیشن لیڈر کا نوٹیفکیشن کیا۔