نواز شریف نے پارٹی فیصلوں کامکمل اختیاراپنے پاس رکھ لیا

05 اگست ، 2022

لاہور(خصوصی نمائندہ) پاکستان مسلم لیگ (ن)کے قائد و سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف نے پارٹی کے فیصلوں کا مکمل اختیار اپنے پاس رکھ لیا، مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز شریف کو عمران خان کے خلاف اہم ذمہ داری سونپ دی جس کے بعد مریم نواز متحرک ہو گئی ہیں ۔ پارٹی ذرائع کے مطابق مریم نواز نے وزیر اعظم ہائوس میں منعقد ہونے والے پی ڈی ایم کے سربراہی اجلاس میں نواز شریف کی نمائندگی کی، مریم نواز نے لیگی رہنمائوں کو ممنوعہ فنڈنگ کے معاملہ کو زیادہ سے زیادہ نمایاں کرنے کی ہدایت کر دی جس کے بعد سے ہی لیگی رہنمائوں کی جانب سے مسلسل پریس کانفرنسوں کا سلسلہ جاری ہے۔پارٹی ذرائع کے مطابق تمام لیگی وزرا ء اور پارٹی رہنمائوں کو اہم ذمہ داریاں سونپ دی گئی ہیں اور اس مہم کی نگرانی خود مریم نواز کریں گی، تمام مرکزی رہنما روزانہ کی بنیاد پر پریس کانفرنس میں ممنوعہ فنڈنگ کیس کے فیصلے کو اجاگر کریں گے، اس کے ساتھ عمران کے دورے حکومت کی کرپشن اور مہنگائی کو بھی اجاگر کیا جائے گا۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ پارٹی کو فعال کرنے کے لیے ملک بھر میں ورکرز کنونشن بھی منعقد کئے جائیں گے،جن سے مریم نواز خطاب کریں گی۔ پارٹی ذمہ داران کو ورکرز کنونشنز کے لیے شیڈول تیار کرنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ذرائع کے مطابق سوشل میڈیا پر بھی عمران خان مخالف مہم کو مزید تیز کیا جائے گا۔