عمران کو فنڈنگ جرائم پیشہ نے کی ، PTIکالعدم جماعت، شرجیل میمن

05 اگست ، 2022

کراچی (اسٹاف رپورٹر) صوبائی وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت چاہے تو عمران خان کو فوراً گرفتار کرکے سلاخوں کے پیچھے ڈال سکتی ہے عمران خان پاکستان کے عوام اور اپنے ورکرز کے کٹہرے میں اب مجرم ثابت ہوچکے ہیں، عمران خان کو جرائم پیشہ افراد نے فنڈنگ کی ہے ،اگر ملک میں قانون اور آئین ایک ہے تو عمران خان نااہل ہوچکے ، پی ٹی آئی کالعدم جماعت بن چکی ہے۔ عمران خان اور ان کے حواریوں کو کم از کم سات سال تک سزا ہوسکتی ہے۔لیکن لاڈلے کے لئے قانون الگ ہے تو پھر الگ بات ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سندھ اسمبلی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ صوبائی وزیر جنگلات نواب تیمور ٹالپر ، رکن سندھ اسمبلی گھنور خان اسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ عمران خان پاکستان کے عوام اور اپنے ورکرز کے کٹہرے میں اب مجرم ثابت ہو چکے ہیں، الیکشن کمیشن نے صرف سزا نہیں سنائی باقی پورا کچا چٹھا چارج شیٹ عمران خان اور پی ٹی آئی کیخلاف دے دیا ہے۔ قانون اور آئین کے مطابق عمران خان نااہل ہوچکے ۔ ثبوت موجود ہیں عمران خان نے سنگین جرائم میں ملوث افراد سے فنڈنگ لی ، جس میں انٹرنیشنل ڈرگ پیڈلرز بھی شامل ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ سمجھتے ہیں کہ پی ٹی آئی اور عمران خان کے خدشات درست تھے کہ اگر فارن فنڈنگ کا فیصلہ آگیا تو عوام کو یہ منہ دکھانے کے قابل نہیں رہیں گے اور نہ ہی سیاست کرنے کے قابل رہیں گے ۔ آٹھ سال تک ان لوگوں نے تمام تاخیری حربے استعمال کیے ، بیک ڈور ، فرنٹ ڈور اور عدالتوں سب طریقے استعمال کئے ، عمران خان نے جو کرنا تھا کر لیا ، اب ان کا لاڈلا پن نہیں چلے گا ۔ شرجیل میمن نے کہا کہ عمران خان کا ایک ہی ایجنڈا ہے کہ ملک میں انارکی پھیلائے ۔ نوجوانوں کو سڑکوں پر لا کر یہ خون خرابا کروانا چاہتا ہے ۔ اگر ان کو نوجوانوں کو سڑکوں پر لانے کا اتنا ہی شوق ہے تو پہلے اپنے بیٹوں کو لائیں ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اس ملک کی عدالتوں کا تحفظ عوام کریں گے ، الیکشن کمیشن کا تحفظ ہماری یعنی عوام کی ذمہ داری ہے ۔کسی مائی کے لال میں ہمت نہیں ہے کہ اداروں پر حملہ کریں ، پرامن احتجاج ہر کسی کا حق ہے ، لیکن اگر سڑکیں بند کی گئی تو سندھ حکومت سخت ایکشن لے گی۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ اسلام آباد کا کیس ہے اسلام آباد پولیس عمران خان کو گرفتار کر سکتی ہے، اگر سندھ حکومت کو موقع دیا گیا تو سندھ ان کی اچھی خاطر تواضع کرے گی۔سندھ ویسے بھی مہمان نوازی کے لئے مشہور ہے۔