قوم میں بیداری آگئی‘ فارن ایجنٹ پہچان گئی ہے‘ مریم اورنگزیب

05 اگست ، 2022

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہقوم میں بیداری آگئی ہے اور فارن ایجنٹ پہچان گئی ہے۔ قوم بھارتیوں اور اسرائیلیوں سے ڈالر لینے والوں اور ان کے سرغنہ کے چہرے پہچان چکی ہے۔ ”فارن ایجنٹ‘‘ عمران خان نے اپنے تمام جرائم تسلیم کرلئے۔ تھوڑی سی منی لانڈرنگ کے اعتراف کے بعد آج پوری فارن فنڈنگ لینے کا اعتراف بھی کرلیا۔ پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان کے بیان پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ عوام نے فارن ایجنٹ کی کال مسترد کر دی ہے جس سے عمران خان کی مایوسی چہرے سے عیاں تھی۔ انہوں نے کہا کہ بنی گالہ کے غیرقانونی گھر میں قید عالمی منی لانڈرر کا مقدر اب دو جھنڈے لگا کر تقریر کرنا رہ گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو باہر نکلنے کا کہنے والا خود اپنے محل میں چھپا بیٹھا ہے۔ اپنے ٹویٹ میں وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ”فارن ایجنٹ” کی ”فارن ایڈڈ” پارٹی کا ہیلی کاپٹر ملک میں فتنہ، فساد، انتشار پھیلانے کے لئے استعمال ہوتا ہے تاکہ پاکستان کی معیشت جو اس نے تباہ کی، ٹھیک نہ ہو، مہنگائی جو اس نے کی، کم نہ ہو اور نوجوانوں کو روزگار جو اس نے چھینا، نہ ملے۔ وزیر اطلاعات نے ہیلی کاپٹر کے استعمال کے چند مناظر شیئر کئے۔ اپنے ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ اِس فارن ایجنٹ کا فارن فنڈڈ ہیلی کاپٹر سیلاب زدگان کا دکھ بانٹنے کے لئے استعمال نہیں ہوسکتا۔ کیونکہ جہاں لوگ جاں بحق ہو جائیں وہاں بشریٰ بی بی جانے نہیں دیتیں اور نہ فارن فنڈر اور ایجنڈا اجازت دیتے ہیں۔