داؤد انجینئرنگ یونیورسٹی مالیاتی خود انحصاری کے مشن پر گامزن

05 اگست ، 2022

کراچی (اسٹاف رپورٹر)داؤد یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے وائس چانسلر ڈاکٹر فیض اللہ عباسی نے کہا ہے کہ یونیورسٹی کے مالیاتی خود انحصاری کے مشن پر گامزن ہیں ، حکومتی گرانٹ کے بجائے سالانہ بجٹ میںیونیورسٹی کا اپنے وسائل کا شیئر 13فیصد سے بڑھا کر 31فیصد تک کردیا ہے جس کو آئندہ سال 40فیصد تک لے جانے کا عزم رکھتےہیں ، مالیاتی خود انحصاری کیلئے بیچلرز آف سائنس میں شروع کئے گئے 3نئے پروگرامز کیلئے 400نئی سیٹوں کا اضافہ مدد گار ثابت ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز جامعہ کے کانفرنس روم میں ایڈمیشن کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں پرووائس چانسلر ڈاکٹر عبدالوحید بھٹو ، رجسٹرار ڈاکٹر سید آصف علی شاہ ، ڈائریکٹرایڈمیشن ڈاکٹر غلام اللہ میتلو اور دیگر چیئرپرسنز نے شرکت کی ۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ بیچلر آف انجینئرنگ ، بیچلر آف آرکیٹ کچر اور بیچلر آف سائنس سال برائے 2022-23ء میں داخلوں کیلئے آن لائن رجسٹریشن اور فارم جمع کرانے کی آخری تاریخ 10؍ اگست مقرر کی گئی ہے اور 12؍ اگست کو پری ایڈمیشن ٹیسٹ ہوگا۔