REITرئیل اسٹیٹ کو دستاویزی بنانے میں مدد کرسکتا ہے، عارف حبیب

05 اگست ، 2022

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) رئیل اسٹیٹ انوسمنٹ ٹرسٹ(آر ای آئی ٹی )ملک میں رئیل اسٹیٹ کو دستاویزی بنانے کا مسئلہ حل کر سکتا ہے ، آرای آئی ٹی کے ریگولیشن میں بہتری کے بعد اب اس سیکٹر میں تیزی آئی ہے ،ہم نے مشارکہ طریقہ کے تحت مکمل اسلامی طریقے سے مارگیج فنانسنگ کی سہولت فراہم کر دی ہے ،مشارکہ رئیل اسٹیٹ کو متوسط طبقے کے لئے زیادہ قابل قبول بنا دے گا ، ملک میں مشارکہ کے لئے ماحول بتدریج بہتر ہو تا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار عارف حبیب گروپ کے چیئرمین عارف حبیب نے گلوبل ریذیڈنسی آر ای آئی ٹی اور میزان بینک کے درمیان مشارکہ معاہدے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،تقریب سے میزان بینک کے سی ای او عرفان صدیقی ،سی ای او سی ڈی سی بدیع الدین اور دیگر نے بھی خطاب کیا ،عارف حبیب نے کہا کہ اے ایچ جی اور میزان بینک نے مشترکہ طور پر نیا ناظم آباد میں اپارٹمنٹ کی تعمیر اور فروخت کے لئے شراکت داری کا فیصلہ کیا ہے ،اس معاہدے سے کسٹمز کو شریعت کے مطابق ہوم فنانسنگ فراہم کی جائے گی ، عارف حبیب نے کہا کہ آر آئی ای ٹی 100 فیصد دستاویزی ہے اس سے حکومت کا بڑا مسئلہ حل ہو گا ،عام پبلک کو سرمایہ کاری کے لئے آر ای آئی ٹی یونٹس کو جلد ہی پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں اندراج کرایا جائے گا ،مارگیج فنانسنگ سہولت سے کسٹمرز ماہانہ کرائے کی ادائیگی کی طرح ایک مدت تک ادائیگی کریں گے۔