اب پی ٹی آئی صرف اپنا بیانیہ بچانے کیلئے احتجاج کررہی ہے، شیری رحمٰن

05 اگست ، 2022

اسلام آباد (اپنے نامہ نگار سے) وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی سینیٹر شیری رحمٰن نے کہا ہے کہ ‏الیکشن کمیشن کے فیصلے کے بعد احتجاج کی بجائے عمران خان کو پارٹی سربراہی سے مستعفی ہو جانا چاہئے۔ اخلاقیات کا درس دینے والے عمران خان خود پارٹی عہدے سے مستعفی ہونے کی بجائے چیف الیکشن کمیشن سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ اپنے ٹویٹس میں وفاقی وزیر نے کہا پی ٹی آئی صرف اپنا بیانیہ بچانے کے لئے احتجاج کر رہی ہے۔ دوسروں سے تلاشی دینے کا مطالبہ کرنے والوں نے خود 13 اکائونٹس اور غیر ملکی ممنوعہ فنڈنگ چھپائی، شیری رحمان نے کہا عمران خان خود دعویٰ کرتے رہے کہ انہوں نے ممنوعہ فنڈز نہیں لی، صادق و امین نے جھوٹا بیان حلفی جمع کروایا، یہ خیرات کے نام پر بھی غیر ملکی ممنوعہ فنڈنگ لیتے رہے، انہوں نے کہا ‏ایک وزیراعظم کو عدالت نے غلط بیانی کی بنیاد پر نااہل کیا تھا، یہاں معاملہ پیسے نا لینے کا نہیں بلکہ اربوں روپے کی ممنوعہ فنڈنگ لینے، 13 اکائونٹس چھپانے اور مس ڈیکلیریشن کا ہے۔ شیری رحمان نے کہا قانون اور فیصلے الگ الگ نہیں ہونے چاہئیں، عمران خان اور پی ٹی آئی اب قوم سے مزید جھوٹ نہ بولیں۔