بلاول بھٹوکی ویت نام،سنگاپوراور جاپان کے وزرائےخارجہ سے ملاقات

05 اگست ، 2022

اسلام آباد (نامہ نگار خصوصی) پاکستان ویتنام کیساتھ اپنے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے جو آسیان ریجنل فورم کا ایک اہم پارٹنر ہے، آسیان ریجنل فورم کیساتھ پاکستان کی مسلسل وابستگی اور آسیان کیساتھ تعلقات بتدریج مستحکم انداز میں فروغ پا رہے ہیں، ان خیالات کا اظہار وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے آسیان ریجنل فورم کے وزارتی اجلاس کے موقع پر ویتنام کے اپنے ہم منصب بوئیتھان سون سے ملاقات کے دوران کیا،دفتر خارجہ کے مطابق دونوں وزرائے خارجہ نے پاکستان اور ویتنام کے دوطرفہ تعلقات کا جائزہ لیا، انہوں نے دوطرفہ تعلقات کی 50 سالہ تقریبات کے پس منظر میں مختلف شعبوں میں باہمی فائدہ مند تعاون کی مسلسل نمو پر اطمینان کا اظہار کیا، وزرائے خارجہ نے تجارت ، سرمایہ کاری، سیاحت، تعلیم، پبلک ایڈمنسٹریشن اور عوام سے عوام کے رابطوں کو فروغ دینے سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے عزم کا اظہار اور دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ سطح کے تبادلوں و بات چیت کو بڑھانے پر اتفاق کیا،وزیر خارجہ نے سنگاپور کے ہم منصب ڈاکٹر ویوین بالاکرشنن اور جاپان کے ہم منصب ہیاشی یوشیما سےبھی ملاقات کی، دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق دونوں وزرائے خارجہ نے پاکستان اور سنگاپور کے دوطرفہ تعلقات کا جائزہ لیا اور دوطرفہ بات چیت اور تعاون کو بڑھانے پر اتفاق کیا، انہوں نے باہمی دلچسپی کے عالمی اور علاقائی امور ، دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارت اور اقتصادی تعاون کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا، وزیر خارجہ نے سنگاپور کیساتھ پاکستان کے تعلقات کی اہمیت پر زور دیا انہوں نے آسیان کیساتھ اپنے تعاون کو بڑھانے کیلئے پاکستان کی گہری خواہش کا بھی اظہار کیا، دونوں نے دوطرفہ تعلقات کی رفتار کو برقرار رکھنے کیلئے قریبی رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا، قبل ازیں اپنے جاپانی ہم منصب ہیاشی یوشیما سے ملاقات میں دونوں وزرائے خارجہ نے پاکستان اور جاپان کے درمیان تعلقات کے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا ۔