پرائم منسٹر پورٹل کی ناقص کارکردگی اوورسیز پاکستانیز کی شکایات کا انبار

05 اگست ، 2022

ٹوکیو (عرفان صدیقی) وزیر اعظم شکایات سیل اور پرائم منسٹر پورٹل کی ناقص کارکردگی کے باعث اوورسیز پاکستانیوں کی شکایات کے انبار لگ گئے ، بااثر سفارتی افسران کی شکایات پر درجنوں پاکستانیوں کی آئی ڈیز بلاک کردی گئیں۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف تک ملک و بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے اپنے مسائل پہنچانے کے اہم ترین ذریعے پرائم منسٹر پورٹل کے منتظمین کی ناقص کارکردگی کے باعث اوورسیز پاکستانی مایوسی کا شکار ، نہ صرف شکایات کا ازالہ نہیں کیا جاتا بلکہ اعلیٰ سرکاری حکام کے خلاف شکایات کرنے والے اوورسیز پاکستانیوں کی آئی ڈیز کو بھی بلاک کردیا جاتا ہے جبکہ پرائم منسٹر پورٹل کے انچارج بھی چھٹیوں پر ہیں ، اس حوالے سے جب پرائم منسٹر پورٹل کے منتظم ڈی ایس بلال الیاس سے رابطے کی کوشش کی گئی تو معلوم ہوا کہ وہ بھی ایکس پاکستان چھٹیوں پر ہیں معلوم نہیں کب آئیں گے۔ اس حوالے سے جاپان میں مقیم سینئر پاکستانی اور پاک جاپان بزنس کونسل کے سربراہ رانا عابد حسین کا کہنا ہے کہ جاپان میں پاکستانی سفارتکاروں کی شکایت کے نتیجے میں ان کی دو آئی ڈیز بلاک ہوچکی ہیں کیونکہ انھوں نے جن سفارتخانے کے افسران کی کرپشن کے خلاف آواز اٹھائی تھی وہ سابقہ وزیر اعظم کے براہ راست احکامات پر جاپان تعینات ہوئے ہیں، شکایات کے البتہ پاکستان میں فیصل آباد میں ان کے گھر پر ایف آئی اے اور آئی بی نے چھاپے ضرور مارے ہیں تنبیہ کی ہے کہ سفارتخانے کے حکام کے خلاف زبان بند کرو ، اس حوالے سے سینئر پاکستانی ملک نور اعوان نے بھی دعویٰ کیا ہے کہ پرائم منسٹر پورٹل سے لوگوں کی جائز شکایات کا بھی ازالہ نہیں کیا جارہا ، لہٰذا وہ وزیر اعظم شہباز شریف سے درخواست کریں گے کہ کم از کم پرائم منسٹر پورٹل پر سے سابقہ حکومت کے تعینات نا اہل افسران کو ہٹایا جائے اور اہل افسران کو تعینات کیا جائے تاکہ ایک کروڑ اوورسیز پاکستانی جو مسلم لیگ ن اور وزیر اعظم شہباز شریف کو اپنا مشکل کشا سمجھتے ہیں ان کی مدد ہوسکے اور سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کا بنایا ہوا پرائم منسٹر پورٹل پھر سے لوگوں کے مسائل کے حل کا ذریعہ بن سکے۔