راستوں کی بندش ،تحریک انصاف کی حکومت پرتنقید

05 اگست ، 2022

اسلام آباد (خبر نگار) تحریک انصاف نے الیکشن کمیشن کے خلاف احتجاج کے موقع پر اسلام آباد میں راستوں کی بندش پر حکومت کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ پی ٹی آئی کے مرکزی سینئر نائب صدر فواد چوہدری نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ پورا اسلام آباد ایک محصور شہر کا منظر پیش کر رہا ہے۔ نام نہاد فاشست حکومت الیکشن کمیشن کو استعمال کر کے اپوزیشن پر پابندی اور سپریم کورٹ کے اختیارات محدود کرنا چاتی ہے۔ اس حکومت سے نجات میں پاکستان کی نجات ہے۔ عوام پنجاب کے بعد اب اسلام آباد کو بھی آزاد کرانے کیلئے تیار ہیں۔ عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ 12 کلو میٹر پر قائم سیاسی قبضہ مافیا کی حکومت نے سارا شہر بند کر دیا۔ ایک ٹویٹ میں انہوں نے لکھا کہ جب یہ الیکشن کمیشن کے دفتر احتجاج کیلئے آئے تھے تو ہم نے گاڑیوں سمیت ان کو آنے کی اجازت دی اور ایک کنٹینر تک بھی نہیں لگایا اور جب بلاول بھٹو نام نہاد احتجاجی ریلی سندھ سے لے کر آئے تو انہیں پوری سہولتیں دی گئیں۔ پی ٹی آئی رہنما عثمان ڈار نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ کان کول کر سن لو ! اگر کوئی یہ سمجھتا ہے کہ عمران خان کے بغیر پاکستان کی جمہوریت چل سکتی ہے تو یہ اس کی بہت بڑی غلط فہمی ہے۔