شاہ محمود قریشی کا بیٹے کی چھوڑی نشست پر بیٹی کو الیکشن لڑانے کا فیصلہ

05 اگست ، 2022

ملتان(نمائندہ جنگ) پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین مخدوم شاہ محمود قریشی نےبیٹے کی چھوڑی نشست پر بیٹی کو الیکشن لڑانے کا فیصلہ کیا ہے، ملتان میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ موجودہ حالات میں خواتین کا کردار بہت زیادہ اہمیت کا حامل ہے۔ اسی لئے میری بیٹی مہر بانو قریشی این اے 157 کے ضمنی الیکشن میں میدان میں آئی ہیں۔ یہ شخصیات اور برادریوں کا نہیں نظریات کا الیکشن ہے۔ عمران خان کی اجازت سے میری بیٹی نے کاغذات نامزدگی داخل کرائے ہیں، توقع ہے کہ پی پی 217کی طرح 157 کی عوام‘ نوجوان اور خواتین بھی عمران خان کے بیانیہ کو ووٹ دیں گے موجودہ حکومت کے دور میں پاکستان کی کیفیت اس حد تک بگڑ چکی ہے کہ ہمارا ملک ڈیفالٹ ہونے والے چار ممالک کی صف میں شامل ہوتا ہوا دکھائی دے رہا ہے۔ حکومت کو فارن فنڈنگ کیس میں منہ کی کھانا پڑی۔۔ پیپلز پارٹی اپنی جماعت کی حیثیت کھو چکی ہے۔ اسی لئے ن لیگ کا سہارا لے رہی ہے۔ پی پی 217 کے ایم پی اے مخدوم زادہ زین حسین قریشی بھی ان کے ساتھ تھے۔ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ میری بیٹی ایک تعلیم یافتہ ماں ہے۔ صحافت کے شعبے سے بھی وابستہ رہی ہیں۔ ایک ماں کی حیثیت سے انہیں یہ علم ہے کہ آئندہ نسل کی تربیت کس طرح کرنی ہے۔