سپریم کورٹ کا سندھ میں سرکاری زمینوں اور رفاہی پلاٹس پر قبضے ختم کرانے کا حکم

05 اگست ، 2022

کراچی (نمائندہ جنگ) سپریم کورٹ نے تین ماہ میں سرکاری زمینوں ، رفاہی پلاٹس پر قصبے ختم کرانے کا حکم دیتے رپورٹ طلب کر لی۔ سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں سندھ میں سرکاری زمینوں پر قبضے کا خاتمہ اور ریونیو ریکارڈ کمپیوٹرائزڈ کا ازخود نوٹس کیس کی سماعت ہوئی۔ جمعرات کو سماعت کے موقع پر عدالت میں ایڈووکیٹ جنرل سندھ ، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو اور دیگر سرکاری وکلاء پیش ہوئے۔ عدالت نے سست روی پر سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو کی سرزنش کردی۔ ایڈووکیٹ جنرل سندھ نے کہا کہ سرکاری زمینوں پر قبضے ختم کرانے کی کارروائی ابھی تک جاری ہے۔ عدالت نے استفسار کیا کہ ابھی تک قبضہ ختم کیوں نہیں ہوا ؟ کب تک سرکاری زمینیں واگزار کرائی جائیں گی؟ ایڈووکیٹ جنرل سندھ نے کہا کہ کارروائی میں کوئی کمی نہیں ہوئی لیکن مکمل قبضے ختم کرنے کے لئے وقت درکار ہے۔ عدالت نے تین ماہ میں سرکاری زمینوں سمیت رفاہی پلاٹس پر قبضے ختم کرانے سے متعلق تحریری رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیدیا۔ عدالت نے کراچی سمیت سندھ بھر کی آبپاشی، جنگلات اور محکمہ صحت کی اراضی قبضے ختم کرانے کا حکم دے رکھا ہے۔ عدالت نے کراچی سمیت سندھ بھر میں رفاہی پلاٹس بھی واہ گزار کرانے کا حکم دے رکھا ہے۔