سینیٹ،ہیلی کاپٹر حادثہ میں شہید فوجی افسران کو خراج عقیدت کیلئے قراردادمنظور

05 اگست ، 2022

اسلام آباد(نامہ نگار)یوان بالا نے بلوچستان میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیوں کی نگرانی میں مصروف ہیلی کاپٹر حادثہ کے نتیجہ میں شہید ہونیوالے اعلیٰ فوجی افسران کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے متفقہ قرارداد کی منظوری دی ہے، سینیٹر سرفراز بگٹی نے قرارداد پیش کی جس میں یکم اگست کو بلوچستان میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیوں کی نگرانی کے دوران ہیلی کاپٹر حادثہ کے نتیجہ میں شہید ہونیوالے کور کمانڈر کوئٹہ لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی، میجر جنرل امجد حنیف، بریگیڈیئر محمد خالد، میجر سعید احمد، میجر طلحہ منان اور نائیک فیاض احمد کی قربانیوں اور خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا گیا ہے، ایوان نے شہدا کے خاندانوں کیساتھ ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے، قرارداد میں کہا گیا کہ یہ ایوان ملک بالخصوص بلوچستان میں سیلاب متاثرین کیلئے امدادی کارروائیوں پر پاک فوج کو سراہتا ہے، قدرتی آفات کے دوران ملک کی سلامتی اور دفاع کیلئے مسلح افواج کی قربانیوں کا اعتراف کرتا ہے۔