فواد چوہدری کانواز شریف کی وطن واپسی کیلئے عدالت سے رجوع کرنے کا اعلان

05 اگست ، 2022

اسلام آباد (خبر نگار) پی ٹی آئی کے مرکزی سینئر نائب صدر فواد چوہدری نے نواز شریف کی وطن واپسی کیلئے عدالت سے رجوع کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ کا ایک سیاسی کردار رہا ہے لیکن فی الحال سیاسی جماعتوں کو بالغ نظری دکھانی چاہئے۔ اگر سیاسی جماعتیں ایسا نہیں کرتیں تو اسٹیبلشمنٹ کو کرنا چاہئے لیکن آئیڈیل حالات سیاسی جماعتوں کا آپس میں ہی فریم ورک ترتیب دینا ہے، اب یہ شہباز شریف پر منحصر ہےان کا کام ہے کہ وہ انتخابات کا اعلان کریں اور سیاسی جماعتوں کو بیٹھنے کی دعوت دیں ، اس طرح بات چیت شروع ہو جائے گی۔ اگر آپ نے چاروں صوبائی اسمبلیوں کو تحلیل کرنا ہے تو بھی آپ کو فریم ورک ترتیب دینا ہوگا وہ تو پھر بات چیت سے ہی ممکن ہے۔انہوں نے مزید کہاکہ نواز شریف کی وطن واپسی کیلئے ہم عدالت سے رجوع کریں گے اور جو جعلی حلف نامہ شہباز شریف کی جانب سے جمع کروایا گیا ہم اس پر بھی کارروائی کیلئے کہہ سکتے ہیں کیوں کہ یہ ایک جرم ہے،دریں اثنا مریم اورنگزیب کی پریس کانفرنس پر پارٹی ردعمل میں فواد چوہدری نے کہا کہ کینڈی کرش چیمپئن پی ٹی آئی کے خلاف کارروائی کی فکر چھوڑیں ، جلد آپ اور آپ کے خاوند سے سگریٹ انڈسٹری کو دی جانیوالی مراغات کی انکوائری کا آغاز ہونا ہے اس کی فکر کریں۔ فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ عمران خان کو کرپٹ ثابت کرنا اتنا ہی مشکل ہے جتنا نواز شریف کو ایماندار ثابت کرنا مشکل ہے۔