رحمان آباد سٹیشن پرمیٹروبس آگ لگنے سےجل گئی، مسافر محفوظ رہے

05 اگست ، 2022

راولپنڈی (سٹاف رپورٹر، اپنے رپورٹر سے ) راولپنڈی سے اسلام آبادجانے والی میٹروبس آگ لگنے سے مکمل طورپرجل گئی.ریسکیوترجمانکے مطابق جمعرات کی صبح 8بج کر55منٹ پرکنٹرول روم میں اطلاع موصول ہوئی کہ رحمان آباد مری روڈ میٹروبس سٹیشن پر میٹروبس کوآگ لگ گئی ہے جس پر فوری طور آگ بجھانے والی پانچ گاڑیاں ،ایک ایمبولینس اورایک ریسکیووہیکل کوجائے حادثہ پر روانہ کیاگیا ،جہاں میٹروبس مکمل طورپرآگ کی لپیٹ میں تھی ، اورمیٹروسٹاف آگ بجھانے کی کوشش کررہاتھا ریسکیوعملے نے فائرفائٹنگ آپریشن شروع کردیا۔ذرائع کے مطابق جس وقت بس میں آگ لگی اس وقت اس میں ایک سوسے زیادہ مسافر سوار تھے جوخوش قسمتی سے محفوظ رہے ۔ آتش زدگی سے رحمان آبادمیٹروسٹیشن کوبھی نقصان پہنچا۔اپنے رپورٹرسے کے مطابق آگ نے میٹرو اسٹیشن کے کچھ حصے کو اپنی لپیٹ میں لیا ۔مسافروں کو کھڑکیوں کے شیشے توڑ کر بس سے نکالا گیا۔بس کو لگنے والی آگ سےاسٹیشن پر نصب شیشوں اور بس بے کو بھی نقصان پہنچا۔میٹروذرائع کے مطابق آگ سے اسٹیشن پر ہونے والے نقصان کی مالیت9اعشاریہ 5ملین روپے ہےجبکہ30ملین روپے کا نقصان بس کا ہوا ۔ آگ بس کے انجن میں لگی جو پوری بس میں پھیل گئی۔معاملے کی تحقیقات کا حکم دیدیا گیا ۔حادثہ کے بعد میٹرو بس سروس معطل ہوگئی تھی جو دوپہر ایک بجے بحال ہوئی۔