انسداد پولیو مہم، ضلع جہلم میں 2 لاکھ17 ہزار بچوں کو قطرے پلائے جائینگے

05 اگست ، 2022

جہلم(نامہ نگار) ضلع جہلم میں رواں سال کی تیسری انسداد پولیو مہم کا آغاز 22 اگست سےہو رہا ہے جو 28 اگست تک جاری رہے گی، اس دوران ضلع بھر میں پانچ سال تک کی عمر کے 2 لاکھ 17 ہزار سے زائد بچوں کو گھر گھر جا کر پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔ اس سلسلے میں انتظامات کا جائزہ اجلاس ڈپٹی کمشنر کامران خان کی زیرصدرات ہوا۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ میاں مظہر حیات نے بریفننگ دیتے ہوئے بتایا کہ پولیو ٹیموں کی ٹریننگ مکمل ہو چکی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ رواں مہم میں موبائل ٹیموں کو 808 سے بڑھا کر 1094 کر دیا گیا ہے، 74 فکسڈ اور 24 ٹرانزٹ ٹیمیں حصہ لیں گی۔ ڈپٹی کمشنر نے والدین سے اپیل کی کہ اپنے پانچ سے کم عمر کے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے ضرور پلائیں تاکہ بچوں کو زندگی بھر کی معذوری سے بچایا جا سکے۔