شہادت کا رتبہ اللہ کے خاص بندوں کو نصیب ہوتا ہے،آرپی او

05 اگست ، 2022

راولپنڈی(سٹاف رپورٹر) یوم شہداء پولیس کے سلسلے میں ارشاد شہید آڈیٹوریم پولیس لائنز ہیڈ کوارٹرز میں تقریب کا انعقاد کیا گیا، تقریب میں راولپنڈی پولیس کے شہداء کے اہلخانہ کو خصوصی مہمانوں کے طور پر مدعو کیا گیا تھا۔ سینئر پولیس افسران، افسران پاک فوج اور پولیس کے چاق و چوبند دستے نے سلامی پیش کی، آر پی او، پاک فوج کے افسران، ڈپٹی کمشنر، سی پی او نے یاد گار شہداء پر پھول چڑھائے۔ آر پی او عمران احمر نے کہاکہ شہادت کا رتبہ اللہ کے خاص بندوں کو نصیب ہوتا ہے۔ سی پی او سید شہزاد ندیم بخاری نےکہاکہ شہداء پولیس کے خاندانوں کی ویلفیئر کے لیے تمام اقدامات کیے جائیں گے۔ ڈی سی طاہر فاروق نے کہاکہ مشکل حالات کے باوجود پولیس اپنے فرائض کو احسن طریقے سے سرانجام دے رہی ہے، ممبرامن کمیٹی علامہ اظہار بخاری اورشہداء کے لواحقین نے بھی خطاب کیا۔ بعدازاں آرپی او اور سی پی اوشہیدانسپکٹر میاں عمران عباس اور کانسٹیبل زعفران شہید کے گھر گئے۔