امام حسینؓ کاپیغام تمام انسانوں اورآزادی کی تحریکوں کیلئے مشعل راہ

05 اگست ، 2022

راولپنڈی (خصوصی نمائندہ) حضرت امام حسینؓ کی لازوال قربانی کی یاد گارمنانے کیلئے عشرہ محرم کی مجالس اور ماتمی جلوسوں کا سلسلہ پانچ محرم کو بھی جاری رہا۔ عزا خانہ حسینی ڈھوک سیداں میں پانچویں مجلس سےخطاب کرتے ہوئے پروفیسر محمد عباس بلوچ نےکہاکہ محرم غم حسینؓ سے عبارت ہے۔ امام بارگاہ لٹوری سیداں میں علامہ بشارت حسین امامی نےکہا کہ عزاداری امت کے اتحاد کی علامت ہے ۔علی مسجد سٹیلائٹ ٹاؤن میں مجلس سےخطاب کرتے ہوئےعلامہ سید قمرحیدرزیدی نےکہا کہ حضرت امام حسینؓ میدان کربلامیں اپنے انصارواصحاب سمیت تاقیامت انسانی اقدار کو بچانے کیلئے ایسی لازوال قربانی دی جس کی نظیر ملنا مشکل ہے ۔ امام حسینؓ کاپیغام دنیابھرمیں کے تمام انسانوں اورآزادی کے تحریکوں کیلئے مشعل راہ ہے ۔ امام بارگاہ زینبیہ قصر ابوطالب میں خطاب کرتے ہوئے سیدہ بنت علی موسوی نے کہا کہ حسینؓ ابن علیؓ نے دشتِ کربلا میں اپنا خون دے کر چراغِ اسلام کو بادِ مخالف کے جھونکوں سے بچالیا جس کے طفیل آج اسلام کی روشنی پوری دنیا میں پھیلی ہوئی ہے۔ امام بارگاہ ناصر العزا میں حافظ تصدق حسین ،امام بارگاہ زین العابدین اور دربار سخی شاہ چن چراغ میں علی رضا کھوکھر،حبیب رضا حیدری،وسیم عباس بلوچ،الیاس رضا،عطا حسین مہاجر، قصر امام علی نقی مجسٹریٹ کالونی، قصر سکینہ بانٹھ ، امام بارگاہ گریسی لائن اورعزاخانہ ابو محمد رضوی میں علامہ ارشد امیر عابدی نے مجالس عشرہ محرم سے خطاب کیا۔