عدلیہ کے اختیارات کم کرنا آئین کے سراسر خلاف ہے،فہمیدہ مرزا

05 اگست ، 2022

اسلام آباد ( طاہر خلیل ، عاصم یٰسین ) سابق سپیکر قومی اسمبلی اور جی ڈی اے کی سینئر رہنما ایم این اےڈاکٹر فہمیدہ مرزا کا کہنا ہے کہ سیلاب متاثرین فوری امداد کے منتظر ہیں اور سیلاب پر سیاست نہ کی جائے ،ا نہوں نے کہا کہ میرے حلقے بدین میں سیلاب نے بہت تباہی کی ہے ، وہاں کی انتظامیہ سیاست پر سیاست کر رہی ہے اور سیلاب متاثرین کو سیلابی پانی نکالنے کیلئے جو پمپنگ مشینیں دی جارہی ہیں اس پر پی پی پی کے جھنڈے لگائے گئے ہیں وہاں بلدیاتی الیکشن ہونے والا ہے اور سیلاب کے نام پر سیاست ہور ہی ہے ،جنگ / دی نیوز سے بات چیت کرتے ہوئے ڈاکٹر فہمیدہ مرزا کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ کی بالادستی کی بات کی جاتی ہے اور آپ حقیقی اپوزیشن کو برداشت کرنے کو تیار نہیں اور پبلک اکائونٹس کمیٹی کو بھی مرضی کے مطابق چلا رہے ہیں ملک میں سویلین ڈکٹیٹر شپ لانا چاہتے ہیں، فہمیدہ مرزا نے کہا کہ میرا شہر ڈوبا ہوا ہے ، بدین کے بچوں نے تین دن کھانا نہیں کھایا ہم چندے سے ان کی ضروریات پوری کررہے ہیں حکومت اور انتظامیہ نے کچھ نہیں کیا اگر سٹرانگ اپوزیشن ہو تو پارلیمنٹ اور انتظامیہ یکطرفہ کارروائیاں نہیں کر سکتی ،آئین سہ رخی اختیار کی بات کرتا ہے اور آپ عدلیہ کے اختیارات کم کرنا چاہتے ہیں ،جو آئین کے سراسر خلاف ہے ، انہوں نے کہا کہ آپ نے پارلیمنٹ کو مذاق بنا کر رکھ دیا، وزیر اعظم قائد ایوان ہوتا ہے انہیں سب جماعتوں کے ارکان کو اعتماد میں لے کر سیلاب متاثرین کی مدد کرنی چاہئے ،چارٹر آف ڈیمو کریسی کی بات کرتے ہیں اس میں صوبائی فنانس کمیشن قائم کرنے کا وعدہ کیا تھا ، آپ اپنے صوبے میں کمیشن قائم کر دیں ، انہوں نے کہا کہ سندھ میں غربت بڑھ گئی ہے اور لوگوں کے وسائل محدود ہو گئے ہیں ، فہمیدہ مرزا نے کہا کہ قومی معیشت ، صوبوں کے وسائل اور آئینی با لا دستی کیلئے پارلیمنٹ کو متحرک کر دار ادا کرنا ہو گا۔