پختونخوا میں عوامی ترقی وخوشحالی میں کرداراداکرنےپرفخرہے،امریکی سفیر

05 اگست ، 2022

اسلام آباد (نامہ نگار خصوصی) پاکستان میں متعین امریکی سفیر ڈونلڈ بلَوم نے کہا ہے کہ رواں سال امریکہ اور پاکستان کے درمیان شاندار شراکت داری کے 75سال پورے ہونے کا سنگ میل حاصل ہوا۔ ہم خیبرپختونخوا میں عوام کی ترقی اور خوشحالی کیلئے اپنا کردار ادا کرنے پر فخر محسوس کرتے ہیں، امریکہ کی طرف سے فراہم کردہ ہیلتھ وہیکلز اور تربیت سے طبی عملے کے لوگ دور افتادہ علاقوں سے بروقت اطلاعات حاصل کرکے لوگوں کو وبائی امراض سے بچاسکیں گے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے امریکی حکومت کی جانب سے خیبر پختونخوا حکومت کے محکمہ صحت کو 36 ہیلتھ وہیکلز کا عطیہ دینے کے موقع پر ہونیوالی تقریب سے خطاب کے دوران کیا، یو ایس ایڈ اسلام آباد کی جانب سے جاری ایک بیان کے مطابق خیبرپختونخوا حکومت کی جانب سے وزیر صحت و خزانہ تیمور سلیم جھگڑا نے امریکی سفیر ڈونلڈ بلَوم کے دورہ اور تعاون پر ان کا شکریہ ادا کیا، انہوں نے اس موقع پرڈیزیزسرویلنس اور ریسپانس یونٹس کو ہیلتھ وہیکلز کی فراہمی پر امریکی ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی کے تعاون کو سراہا، انکا کہنا تھا کہ 36 ہیلتھ وہیکلز کو صوبے میں کورونا سرویلنس اور ویکسینیشن مہم کی مانیٹرنگ کیلئے بروئے کار لایا جائیگا، ہم یو ایس ایڈ کیساتھ اپنی شراکت داری کو انتہائی اہمیت کا حامل سمجھتے ہیں جس کے ذریعے صوبے میں صحت کے نظام کو مستحکم اور پائیدار بنانے میں مدد ملی۔