دوبارہ ڈرون حملہ ہواتونتائج کی ذمہ داری امریکا پرہوگی،طالبان

05 اگست ، 2022

اسلام آباد (نامہ نگار خصوصی) طالبان نے امریکا کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اب افغان سرزمین پر کبھی حملہ نہ کرے۔ دوحہ میں مقیم اقوام متحدہ کیلئے طالبان کے نامزد نمائندے سہیل شاہین نے اپنےبیان میں کہا ہے کہ حکومت کو القاعدہ رہنما ایمن الظواہری کے دارالحکومت کابل میں "داخل ہونے اور رہنے” کے بارے میں کوئی اطلاع نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکا کی جانب سے جو دعویٰ کیا جا رہا ہے جس میں ایمن الظواہری کی موت کا کہا ہے کہ اس کا کوئی سراغ نہیں ملا تاہم دعوے کی سچائی کے بارے میں جاننے کے لیے ابھی تحقیقات جاری ہیں اور تحقیقات کے نتائج عوامی طور پر شیئر کیے جائیں گے۔ طالبان رہنما اتوار کے ڈرون حملے کے بارے میں بڑی حد تک خاموشی اختیار کیے ہوئے ہیں اور انہوں نے کابل میں الظواہری کی موجودگی یا موت کی تصدیق نہیں کی ہے۔ ڈرون حملے کا ذکر کرتے ہوئے طالبان نے کہا کہ اگر ایسے واقعات دوبارہ دہرائے گئے اور افغانستان کی سرزمین کی خلاف ورزی کی گئی تو کسی بھی قسم کے نتائج کی ذمہ داری امریکا پر عائد ہوگی۔