واپڈاکا بجلی ٹیرف میں 4.15روپے فی یونٹ تک اضافے کا مطالبہ

05 اگست ، 2022

اسلام آباد (خالد مصطفیٰ،ناصر چشتی) واپڈا نے بجلی ٹیرف میں 4.15روپے فی یونٹ تک اضافے کا مطالبہ کردیا، صارفین کو مالی سال 2022-23 میں 34.645 ارب روپے کی بھاری رقم ادا کرنا ہو گی۔ تفصیلات کے مطابق واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک نے مالی سال 2022-23 کیلئے اپنے بلک ٹیرف میںاس کے موجودہ ٹیرف 3.68 روپے فی یونٹ کے مقابلے 4.15 روپے فی یونٹ تک اضافے کا مطالبہ کیا ہے۔واپڈا نے رواں مالی سال کے لیے محصولات کی ضروریات کی بنیاد پر ٹیرف میں اضافے کا مطالبہ کیا ہے جس کا 121.808 ارب روپے حساب لگایا گیا ہے۔ نیپرا نے سماعت کی اور واپڈا کے دلائل سنے اور کچھ متعلقہ سوالات بھی اٹھائے۔ ریگولیٹر نے اعلان کیا کہ وہ درخواست گزار کی جانب سے فراہم کردہ ڈیٹا کی پوری جانچ کے بعد اپنے فیصلے کا اعلان کرے گا۔ درخواست کے مطابق بجلی صارفین کو مالی سال 2022-23 میں 34.645 رب روپے کی بھاری رقم کے پی کے حکومت کو ادا کئے جانے والے 20.354 ارب روپے کے خالص ہائیڈل منافع، پنجاب کو ادا کئے جانے والے 8.7 ارب روپے اور اے جے کے حکومت کو ادا کئے جانے والے 5.44 ارب روپے پانی کے استعمال کے چارجز اور 157 ملین روپے بطور ارسا چارجز کی مد میں ادا کرنا ہوں گے۔ واپڈا نے دعویٰ کیا کہ وہ 2022-23 میں 31.353 ارب یونٹس پیدا کرے گا۔