مولانا طارق جمیل کو سیاست کا اتنا ہی پتہ ہے جتنا عمران خان کو اسلام کا،جواد احمد

05 اگست ، 2022

اسلام آباد (عاصم جاوید) معروف گلوکار اور سیاسی رہنما جواد احمد نے ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ مولانا طارق جمیل کو سیاست کا اتنا ہی پتہ ہے جتنا عمران خان کو اسلام کا ، دونوں بوقت ضرورت سیاسی اور اسلامی ٹچ دیتے ہیں۔ عمران خان نے پاکستان کے نوجوانوں کوگالم گلوچ اور بدلحاظی سکھائی ، آئین کوپامال کیا ، آخرتک فوج کے بوٹ پالش کرتا رہا مگر نکالنے پر خلاف ہو گیا۔ واضح رہے کہ چند روز قبل مولانا طارق جمیل نے عمران خان سے بنی گالہ میں ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی اور میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ عمران خان کی درخواست پر ان سے ملنے آیا ہوں، ایک اور ٹویٹ میں جواد احمد نے لکھا کہ میں عمران خان ، پی ٹی آئی کو نااہل کرنے کے حق میں نہیں ہوں ، چاہے عمران نے اس ملک کو اپنی پارٹی کے ساتھ بیحد نقصان پہنچایا ہے ، کرسی کیلئے بیرون ملک پاکستانیوں کے پیسے کو اس ملک میں منافقانہ طور پر مذہبیت پھیلانے میں استعمال کیا ہے۔ جواد احمد نے عمران خان کا نام ای سی ایل میں شامل کرنے کے حوالے سے ایک ٹویٹ میں لکھا کہ عمران خان کو ای سی ایل میں ڈالنے سے فائدہ؟ یہ باہر سے زیادہ پاکستان میں عیاشی کرتا ہے ، 300کنال کا گھر ، اربوں کی 14 جائیدادیں۔ اب تو یہ فوج کی مدد سے وزیر اعظم بھی بن چکا ہے۔ ابھی تو اس نے توشہ خانے والے 18 کروڑ اڑانے ہیں۔ اس کے کھرب پتی بچے مہنگے ٹکٹ خرید کر اسے ملنے آ سکتے ہیں۔ صرف 18 کروڑ غریب پاکستانی ہیں جو کہیں آ جا نہیں سکتے۔ ادھر ایک اور ٹویٹ میں جواد احمد نے لکھا کہ عمران خان نے کل ایک انٹرویو میں کہا کہ سکندر سلطان کو الیکشن کمیشن چیئرمین لگانا اس کی حماقت تھی اورکہا کہ اسے نیوٹرل یعنی فوج نے لگوایا تھا۔ جواد احمد نے لکھا کہ میں ہمیشہ سے کہتا ہوں کہ یہ جاہل آدمی ہے اس نے ایک بار پھر خود مانا۔