جنرل اسمبلی 77ویں تہلکہ خیز سیشن میں وزیراعظم کی شرکت کا امکان

05 اگست ، 2022

اسلام آباد (تجزیاتی رپورٹ:حنیف خالد) اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کا 77واں سیشن اقوام متحدہ ہیڈ کوارٹر نیویارک میں 13ستمبر سے شروع ہونیوالا ہے۔ یوکرین پر روس کے حملے سے پیدا شدہ صورتحال اور امریکی ایوان نمائندگان کی سپیکر میڈم نینسی پلوسی کے حالیہ ہفتے کے ٹاک آف دی ٹائون بننے والے دورہ تائیوان کے پس منظر اور پیش منظر 77ویں سیشن میں گرما گرمی پیدا کریگا۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل اونٹونیو گوتریس 13ستمبر کے جنرل اسمبلی کے سیشن کے آغاز پر رکن ممالک کے صدور‘ وزرائے اعظم اور وفود کے سربراہان کے خیرمقدم کے بعد امریکہ کے صدر جوبائیڈن کو خطاب کی دعوت دینگے۔ امریکی صدر جوبائیڈن اُسی روز اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 77ویں سیشن میں شرکت کیلئے آنے والے غیرملکی سربراہوں کے اعزاز میں نیویارک کے معروف ہوٹل میں استقبالیہ دینگے اور ہر مہمان ملک کے صدر اور وزیراعظم کا استقبالئے میں خود خیرمقدم کرینگے۔ وزیراعظم شہباز شریف امکانی طور پر اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 77ویں سیشن میں پاکستانی وفد کی قیادت کرینگے۔ اُنکے دورہ نیویارک کا انحصار اُس وقت کے پاکستان کے سیاسی و معاشی حالات پر ہو گا‘ اسلئے اُنکے دورے کا باضابطہ اعلان آئندہ ماہ کئے جانے کا امکان ہے۔ وزیراعظم نیویارک میں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل سے ملاقات کے علاوہ دوست ممالک کے سربراہان سے بھی جنرل اسمبلی کے 77ویں سیشن کے دوران ملاقات کرینگے اور وہ امریکی صدر کے استقبالیہ میں شرکت کے دوران اور اُسکے بعد امریکی اہم شخصیات سے بھی ملیں گے۔ وزیراعظم شہباز شریف اپنے مجوزہ دورے کے دوران نیویارک‘ واشنگٹن اور امریکہ بھر میں مقیم پاکستانی امریکیوں کے وفود سے بھی ملکی صورتحال کے بارے میں بات چیت کرینگے۔ اُنکے اعزاز میں امریکی شخصیات اور پاکستانی کمیونٹی کی طرف سے ضیافتوں کا اہتمام واشنگٹن میں تعینات پاکستان کے سفیر مسعود خان اور انکے قونصل جنرل طے کرنے میں مصروف ہیں۔ دریں اثناء حکومت پاکستان کے پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ نے جنرل اسمبلی کے 77ویں سیشن کی کوریج کے خواہاں میڈیا کے نمائندوں کو 10اگست تک اپنی ضروری دستاویزات بھجوانے کا کہہ دیاہے۔