PTIعہدیداروں کیخلاف بھی کارروائی ہوسکتی ہے، خواجہ آصف

05 اگست ، 2022

کراچی(ٹی وی رپورٹ)وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کےاہم عہدیداروں کے خلاف بھی کارروائی ہوسکتی ہے، ماہر قانون سلمان اکرم راجا نے کہا کہ حکومت پی پی او میں فارن ایڈڈ سیاسی پارٹی کی شق کا فائدہ اٹھانا چاہ رہی ہے، ماہر قانون و سینئر تجزیہ کار منیب فاروق نے کہا کہ نواز شریف کیلئے جو معیار طے کیا گیا تھا وہی فارن فنڈنگ کیس میں عمران خان کیلئے کیا جائے تو یہ 62ون ایف کا کیس بنتا ہے۔ وہ جیو نیوز کے پروگرام ’’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ‘‘ میں میزبان شاہزیب خانزادہ سے گفتگو کررہے تھے۔ خواجہ آصف نے کہا کیس میں کچھ نہیں تھا تو پی ٹی آئی نے آٹھ نو دفعہ التواء کیوں مانگا، فواد چوہدری اور شیخ رشید نے کہا الیکشن کمیشن کا فیصلہ ہمارے حق میں آیا ہے ، سلمان اکرم راجہ کا کہنا تھا کہ آرٹیکل 62ایف کے حوالے سے جو معیار نواز شریف کے مقدمہ میں لگایا گیا وہی معیار عمران خان کے معاملہ میں لگایا جاتا ہے تو پھر 62ون ایف کا کیس بن سکتا ہے , منیب فاروق نے کہا کہ غیرملکی فنڈنگ کے معاملہ میں دیکھنا ہوگا کہ کیا اتنا پیسہ باہر سے آیا جس سے کسی پارٹی کی فیصلہ سازی متاثر ہو ئی یا وہ پاکستان کی سا لمیت کیخلاف کام کررہی تھی،کومت مناسب سمجھے تو وہ کسی سیاسی پارٹی کیخلاف ڈیکلریشن کرسکتی ہے، عمران خان کی یہ بات درست نہیں ہے کہ پی پی او 2002ء میں کمپنیوں سے پیسہ لینے کی ممانعت نہیں تھی ،میزبان شاہزیب خانزادہ نے تجزیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ حکومت تحریک انصاف کیخلاف اور تحریک انصاف الیکشن کمیشن کیخلاف متحرک ہوگئی ہے ، عمران خان یہ بات درست کہہ رہے ہیں کہ انہیں ہر فنڈنگ کا علم نہیں ہوسکتا ہے، مگر سوال یہ ہے کہ کیا عمران خان کو اپنے قریبی دوست عارف نقوی کی کمپنی سے تحریک انصاف کے اکاؤنٹ میں 21لاکھ ڈالرز منتقل ہونے کا بھی علم نہیں تھا، یہ کیسے ہوسکتا ہے کہ اتنی بڑی رقم تحریک انصاف کے اکاؤنٹ میں ٹرانسفر ہوجائے اور عمران خان کو پتا ہی نہ چلے۔ شاہزیب خانزادہ نے بتایا کہ ممنوعہ فنڈنگ پر فنانشل ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق ووٹن کرکٹ کے اکاؤنٹ میں مارچ 2013ء میں ابراج انوسٹمنٹ سے 13لاکھ ڈالرز موصول ہوئے، اسی دن ہی ووٹن کرکٹ کمپنی نے موصول ہونے والے 13لاکھ ڈالرز کو تحریک انصاف کے اکاؤنٹ میں منتقل کردیا، پھر ابراج گروپ نے اس رقم کو ایک ہولڈنگ کمپنی کے نام پر expenseکردیا جس کے ذریعہ وہ پاکستان میں کے الیکٹرک کو کنٹرول کرتا ہے، فنانشل ٹائمز کی رپورٹ بتاتی ہے کہ اپریل 2013ء میں ووٹن کرکٹ کے اکاؤنٹ میں مزید 20لاکھ ڈالرز آئے، یہ 20لاکھ ڈالرز دینے والے شخص شیخ ابونہیان بن مبارک النہیان ہیں جو متحدہ عرب امارات کے شاہی خاندان کے رکن ہیں اور وہاں کی حکومت کے وزیر ہیں اور پاکستان میں بینک الفلاح کے سربرا ہ ہیں، رپورٹ کے مطابق ووٹن کرکٹ کے اکاؤنٹ میں جس دن یو اے ای کے شیخ اور وزیر کی طرف سے 20لاکھ ڈالرز آئے اس کے چھ دن بعد عارف نقوی نے 12لاکھ ڈالرز پاکستان میں دو قسطوں کی صورت میں بھیج دیئے، ابراج گروپ کے سینئر ایگزیکٹو رفیق لاکھانی نے عارف نقوی کو ای میل میں لکھا کہ یہ پیسے تحریک انصاف کیلئے ٹرانسفر کئے جارہے ہیں ۔