اپوزیشن لیڈرراجہ ریاض کو عہدے سے ہٹانے کی درخواست‘لاہور ہائیکورٹ کی سپیکرقومی اسمبلی کو 30یوم میں فیصلہ کرنےکی ہدایت

05 اگست ، 2022

لاہور ( کورٹ رپورٹر )لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس مزمل اختر شبیر نےاپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی راجہ ریاض کو عہدے سے ہٹانے کی درخواست پرسپیکر قومی اسمبلی کو 30 یوم میں فیصلہ کرنے کی ہدایت کردی، عدالت نےایڈیشنل اٹارنی جنرل کو سپیکر قومی اسمبلی کو عدالتی حکم سے آگاہ کرنے کی ہدایت کردی،عدالت نے وکیل سے استفسار کیا آپ کے لیڈر اور اراکین باہر بیٹھے رہیں تو کام کیسے چلے گا،اسمبلی میں جائے بغیر اپوزیشن کیسے ہوئے؟راجہ ریاض کے مقابلے میں کوئی امیدوار نہیں تھا تو پھر انتخاب تو ہونا تھا؟اگر سپیکر کے سامنے ایک ہی امیدوار آئے تو قانون کیا کہتا ہے؟ ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہا وزیراعظم کے انتخاب کے فوری بعد سپیکر اپوزیشن لیڈر کے انتخاب کا دن مقرر کرتا ہے،اگر سپیکر کے سامنے ایک ہی امیدوار آتا ہے تو اسی کا انتخاب ہوگا،سپیکر نے قانونی دائرہ اختیار میں رہتے ہوئے اپوزیشن لیڈر کا نوٹیفکیشن کیا،عدالت نے استفسار کیا کہ اس درخواست میں تو پٹیشنر رکن اسمبلی ہی نہیں،کیا رکن اسمبلی نہ ہونے پر عام شہری اس طرح کی درخواست دے سکتا ہے؟درخواست گزار انے کہا یوسف رضا گیلانی کیس میں میری درخواست کا سپیکر نے فیصلہ کیا۔