5اگست 19ءکے اقدامات،بھارت سلامتی کونسل کی قراردادوں،انسانی حقوق کی خلاف ورزی کررہاہے ،دفتر خارجہ

05 اگست ، 2022

اسلام آباد(جنگ نیوز)دفترخارجہ نے کہا ہےبھارت کے5اگست2019 کے اقدامات غیرقانونی اورغیرآئینی تھے،بھارت سلامتی کونسل کی قراردادوں،انسانی حقوق کی خلاف ورزی کررہاہے،بھارت کاغیر قانونی ڈومیسائل، غیر کشمیریوں کی غیر قانونی آبادکاری کا مقصد مقبوضہ کشمیر میں آبادی کے تناسب کو تبدیل کرنا ہے،3 سال میں مزید660کشمیری شہید ہوچکے،عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لے،ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخار نے ہفتہ وار میڈیا بریفنگ میں کہا 5اگست (آج) کو بھارت کے مقبوضہ جموں کشمیر میں بھارتی یک طرفہ اور غیرقانونی اقدامات کو تین سال مکمل ہوگئے،مقبوضہ جموں وکشمیر میں لاک ڈاؤن، انٹرنیٹ کی بندش اور کشمیریوں کے ماورائے عدالت قتل کیے جا رہے ہیں، کشمیری لیڈرشپ کو حق خود ارادیت کے لیے آواز اٹھانے پر قید میں رکھا ہوا ہے، 5اگست 2019ء کے بعد سے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال مزید ابتر ہوئی ہے، ترجمان نے کہا کہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کمبوڈیا کے دورے پر ہیں، وزیر خارجہ کمبوڈیا میں 29 ویں آسیان ریجنل فورم میں شرکت کریں گے، وزیر خارجہ باہمی ملاقاتوں میں مسئلہ کشمیر کو اجاگر کریں گے۔ترجمان دفتر خارجہ نے ایک بارپھرکہاکہ ایمن الزواہری کے خلاف کارروائی میں پاکستان کی فضائی حدود استعمال ہونے کے کوئی ثبوت نہیں ملے، امریکی سفیر کی جانب سے پاک افغان باڈر دورے کی تفصیلات نہیں ہیں۔