ملک میں کوئی VIP، سیاسی لیڈر عدالتی فیصلے تسلیم کرنے کو تیار نہیں،سراج الحق

05 اگست ، 2022

لاہور(نمائندہ خصوصی)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ ملک میں کوئی وی آئی پی، سیاسی لیڈر عدالتی فیصلوں کو تسلیم کرنے کے لیے تیار نہیں۔ حکمرانوں کی لڑائی عوام کے لیے نہیں ذاتی مفادات کے لیے ہے۔سات دہائیوں سے ملک میں اسلامی نظام نافذ نہیں ہو سکا، یہی وجہ ہے کہ آدھا پاکستان ہم سے چلا گیا اور آج بھی ہم آئی ایم ایف کے غلام ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشاور میں اجتماعی شادیوں کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ الخدمت فاؤنڈیشن ضلع پشاور کی جانب سے منعقد کی گئی تقریب میں امیر جماعت خیبرپختونخوا پروفیسر محمد ابراہیم، سیکرٹری عبدالواسع، ضلعی امیر عتیق الرحمن،خالد وقاص اور عبدالحسیب بھی موجود تھے۔انہوں نے کہا کہ اگرعدالتی فیصلے کرنے اور قبول کرنے کا یہی طریقہ عام ہوا تو پھر قانون صرف غریبوں کی گردن دبوچنے کے لیے رہ جائے گا۔مغرب میں انصاف کی بالادستی کی مثالیں دینے والوں کو پتا ہونا چاہیے کہ وہاں کے وزرائے اعظم، صدور اور اعلیٰ عہدیدار عدالتی احکامات کے سامنے سرتسلیم خم کرتے ہیں۔