اب پی ٹی آئی صرف اپنا بیانیہ بچانے کیلئے احتجاج کررہی ہے، شیریں رحمٰن

05 اگست ، 2022

اسلام آباد (نمائندہ جنگ) وفاقی وزیرموسمیاتی تبدیلی سینیٹر شیری رحمٰن نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی صرف اپنا بیانیہ بچانے کے لئے احتجاج کر رہی ہے۔ دوسروں سے تلاشی دینے کا مطالبہ کرنے والوں نے خود 13 اکائونٹس اور غیر ملکی ممنوعہ فنڈنگ چھپائی، ‏الیکشن کمیشن کے فیصلے کے بعد احتجاج کی بجائے عمران خان کو پارٹی سربراہی سے مستعفی ہو جانا چاہئے۔ اخلاقیات کا درس دینے والے عمران خان خود پارٹی عہدے سے مستعفی ہونے کی بجائے چیف الیکشن کمیشن سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ اپنے ٹویٹس میں شیری رحمان نے کہا عمران خان خیرات کے نام پر بھی غیر ملکی ممنوعہ فنڈنگ لیتے رہےعمران خان اور پی ٹی آئی اب قوم سے مزید جھوٹ نہ بولیں۔