خواتین کو با اختیار بنائے بغیر ترقی کے اہداف کا حصول نا ممکن، گورنربلیغ الرحمان

05 اگست ، 2022

لاہور( نمائندہ خصوصی) گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے کہا کہ خواتین کو با اختیار بنائے بغیر ترقی کے اہداف کا حصول نا ممکن ہے، یہی وجہ ہے کہ مسلم لیگ ن کی قیادت نے خواتین کو آگے بڑھنے کے یکساں موقع فراہم کیے ہیں۔ گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان سے رفعت ملک کی قیادت میں فیڈریشن ویمن چیمبر آف کامرس کے وفد نے ملاقات کی ۔ اس موقع پر ہیلی کاپٹر حادثے میں شہید ہونے والے فوجی افسران کیلئے فاتحہ خوانی کی گئی۔ وفد کی سربراہ رفعت ملک نے گورنر پنجاب کو ویمن چیمبرز کو درپیش مسائل سے بھی آگاہ کیا۔دریں اثنا، گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے یوم استحصال کشمیر پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ کشمیریوں کی حق خودارادیت کے لیے قربانیوں اور طویل جدوجہد کو سلام پیش کرتا ہوں۔