عمران خان کیخلاف ریفرنس ،ملک کو انتشار میں دھکیلا جا رہا ہے، پی ٹی آئی

05 اگست ، 2022

اسلام آباد (خبر نگار) سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حلیم عادل شیخ نے کہا ہے کہ عمران خان کی گرفتاری کی بات کرنیوالے خود گرفتاری سے بچنے کیلئے واش روم میں چھپے رہے۔ ایک ٹویٹ میں انہوں نے لکھا شرجیل میمن خود گرفتاری سے بچنے کیلئے پورا دن عدالت کے واش روم میں چھپے رہے تھے۔ پاکستان تحریک انصاف کے رہنما مراد سعید نے کہا ہے پاکستان میں ایک دفعہ پھر کسی اور کی جنگ لڑنے کی تیاری؟ ہمسایہ ملک سے کن نکات پر بات ہوئی؟ ہمسایہ ملک سے کس قسم کی سرگرمیاں جاری؟ کیا بڑی طاقتوں کی لڑائی میں جانے کا پھر فیصلہ کر لیا گیا؟ ایک اور ٹویٹ میں مراد سعید نے لکھا کہ محب وطن اوورسیز پاکستانی سامنے آ گئے جن کو الیکشن کمیشن نے فارن ایجنٹ قرار دیا۔ پہلے انکے ووٹ کا حق چھینا ، اب ان سے شناخت چھینی جا رہی ہے۔ پی ڈی ایم کے الیکشن کمیشن نے اعتراف جرم کر لیا۔ دو فیصلے کس نے لکھوائے؟ عجلت کیوں تھی؟ شہباز گل نے کہا ہے کہ عمران خان کے متعلق خود ساختہ ریفرنس بھیج کر ملک کو مزید انتشار میں دھکیلا جا رہا ہے۔ ایک طرف ملک کی معیشت ڈوب رہی ہے اور دوسری طرف عمران خان کے متعلق خود ساختہ ریفرنس بھیج کر ملک کو مزید انتشار میں دھکیلا جا رہا ہے۔ ادھر سینئر پارٹی رہنما علی حیدر زیدی نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ یہ احمق اپنی سیاسی قبر خود کھود رہے ہیں۔ عمران خان پاکستان کیلئے جیتا ہے اور ان کی زندگی پاکستان ہے!