سیلاب، امریکا 6، چین 3، کینیڈا 1 ارب، آسٹریلیا 44 کروڑ روپے دیگا

31 اگست ، 2022

اسلام آ باد، واشنگٹن (نیوز ایجنسیاں، مانیٹرنگ ڈیسک) چین نے پاکستان میں سیلاب متاثرین کی امداد کیلئے 10 کروڑ یوآن (3ارب 21کروڑ روپے) ، کینیڈا نے 5ملین ڈالر(ایک ارب 11کروڑ روپے)، آسٹریلیا 2ملین ڈالر (44کروڑ روپے) دینے کا اعلان کیا ہے، امریکا نے مزید تین کروڑ ڈالرز (6؍ ارب 66؍ کروڑ روپے) امداد دیگا، جبکہ پاکستان کو سیلاب زدگان کی مدد کیلئے 100 ٹن امدادی سامان مہیا کریگا، جبکہ جرمنی اور بنگلہ دیش نے بھی خوراک اور دیگر امدادی سامان بھیجنے کا اعلان کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق منگل کو پاکستان میں تعینات چین کے سفیر نونگ رونگ نے وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی۔ اہم ملاقات میں چینی سفیر نے وزیراعظم کو چین کی جانب سے متاثرین کو دی جانے والی امداد سے متعلق آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ مشکل کی اس گھڑی میں چین کی حکومت سیلاب متاثرین کیلئے 10 کروڑ یوآن امداد دے گی، جبکہ پچیس ہزار خیموں اور دیگر امدادی اشیا بھی عطیہ کی جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ چین کی فضائیہ تین سو خیموں کی پہلی کھیپ 30 اور 31 اگست کو کراچی پہنچائے گی۔ امداد کے اعلان کے ساتھ ہی انہوں نے چین کے صدر شی جن پنگ اور وزیراعظم لی کی چیانگ کی جانب سے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور وزیر اعظم شہباز شریف کو خصوصی پیغام بھی پہنچایا۔ چین کی قیادت کی جانب سے دیئے گئے پیغام میں پاکستان میں سیلاب سے جانی اور مالی نقصان پر پاکستان کی قیادت اور عوام سے افسوس اور بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا گیا ہے۔ چینی سفیر کے ساتھ ملاقات میں وزیراعظم نے کہا کہ ہمیشہ کی طرح چین کی قیادت اور عوام نے پاکستان دوستی اور فراخ دلی کا مظاہرہ کیا ہے۔ انہوں نے چینی صدر اور وزیر اعظم کا تہِ دل سے شکریہ بھی ادا کیا۔ دوسری جانب پاکستانی ہائی کمیشن کینیڈا میں پاکستان کے سفیر ظہیر جنجوعہ نے سیلاب زدگان کی مدد اور بحالی کیلئے کمیونٹی سے ملاقاتیں کی ہیں، جبکہ کینیڈا کی حکومت نے پانچ ملین ڈالر امداد کا اعلان کیا ہے ۔علاوہ ازیں پاکستان میں آنے والے بدترین سیلاب کے باعث تباہی کے بعد امریکا نے مزید تین کروڑ ڈالرز امداد کا اعلان کر دیا۔اسلام آباد میں امریکی سفارتخانے کی طرف سے ٹویٹ کیا گیا کہ امریکا پاکستان کو 3 کروڑ ڈالر سیلاب متاثرین کی مدد کیلئے عطیہ کرے گا، پاکستان نے حالیہ سیلاب کو قومی ایمرجنسی اور 66 ڈسٹرکٹ کو آفت زدہ قرار دیا ہے۔ ٹویٹ میں مزید بتایا گیا کہ امریکا پاکستان میں ہونیوالے نقصانات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتا ہے، مالی مدد سے سیلاب متاثرین کیلئے خوراک سمیت پینے کے صاف پانی کے نظام کو بہتر بنایا جائیگا۔ امریکی سفارتخانے کے مطابق سیلاب متاثرین کیلئے 1.1 ملین ڈالر کی گرانٹ کا پہلے ہی اعلان کر رکھا ہے۔دریں اثناءامریکا میں پاکستان کے سفیرمسعود خان نے امریکی حکومت کی جانب سے فلڈ ریلیف کے ضمن میں 30 ملین ڈالر کی معاونت کے اعلان پر اظہار تشکر کیا ہے، اپنے ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ مشکل وقت میں پاکستانی عوام کے ساتھ کھڑے ہونے پر امریکا کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ بنگلا دیش نے پاکستان کے سیلاب متاثرین کیلئے امدادی سامان بھیجنے کا اعلان کیا ہے۔ بنگلا دیشی وزیراعظم شیخ حسینہ واجد کا کہنا ہے کہ بنگلا دیش پاکستان کے سیلاب متاثرین کیلئے امداد بھیجے گا، پاکستان کیلئے کھانے اور دیگر سامان بھیجنے کا بندوبست کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں بچے سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں، سیلاب متاثرین کی مدد کرنا ہمارا فرض ہے جو ہم ادا کرینگے۔ دوسری جانب پاکستان کیلئے مختلف ممالک سے مالی اور دیگر امداد کا سلسلہ شروع ہوگیا اور امریکا نے 3 کروڑ ڈالرز کی امداد کا اعلان کیا ہے جو یو ایس ایڈ کے تحت فراہم کی جائیگی۔ آسٹریلیا نے سیلاب کی تباہ کاریوں سے نبرد آزما متاثرین کی مدد کیلئے عالمی خوراک پروگرام کے ذریعے 2 ملین ڈالر کی امداد فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ جرمنی پاکستان کے 60 ہزار سیلاب متاثرین کیلئے کھانے پینے کی اشیا اور حفظان صحت کی کٹس فراہم کر رہا ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بلوچستان اورخیبر پختونخوا میں بارشوں اور سیلاب سے 10 افراد جاں بحق جبکہ3 افراد زخمی ہوئے ہیں، این ڈی ایم اےکے مطابق مجموعی طور پر ملک بھر میں 72اضلاع سیلاب سے متاثر ہوئے،بلوچستان میں 31اضلاع اور خیبرپختونخوا کے 19سیلاب سے متاثر ہوئے۔تفصیلات کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران خیبر پختونخوا میں بارشوں اور سیلاب سے آٹھ افراد جاں بحق جبکہ تین افراد زخمی ہوئے ہیں پراونشل ڈیزاسٹرمینجمیٹ اتھارٹی، پی ڈی ایم اے، خیبرپختونخوا کے مطابق صوبے بھر میں سیلاب متاثرین کے لیے 99 ریلیف کیمپس قائم کئے گئے ہیں،ضلع نوشہرہ میں77 کیمپس قائم ہیں جس میں 25000 ہزار افراد موجود ہے ان افراد کو خوراک اور دیگر بنیادی سہولیات مہیا کی جارہی ہیں۔ڈی آئی خان میں 11 کیمپس قائم ییں جس میں 25000 افراد کو بنیادی ضروریات مہیا کی جارہی ہیں جبکہ دیر اپر میں سات، ملاکنڈ اور مانسہرہ میں دو دو کیمپس قائم ہیں،پی ڈی ایم اے میں قائم پراونشل فلڈ کنٹرول روم کے جاری کردہ ڈیٹا کے مطابق ضلع ایبٹ آباد میں فلڈ ایمرجنسی و ریسپانس سنٹر قائم کر دیا گیا ہے۔