ٹیلی تھون میں5ارب فنڈز قوم کے عمران خان پر اعتماد کا مظہر،عمرسرفراز چیمہ

31 اگست ، 2022

لاہور(خصوصی رپورٹر) مشیراطلاعات پنجاب عمر سرفراز چیمہ نے کہا ہے کہ ٹیلی تھون میں 5ارب سے زائد کے فنڈز قوم کے عمران خان پر اعتماد کا مظہر ہے۔ اوورسیز پاکستانیوں کا جذبہ لائق تحسین،پی ڈی ایم ٹولہ اپنے ان محسنوں کو ووٹ کے حق سے محروم رکھنا چاہتا ہے۔توشہ خانہ میں چند ٹکوں کی کرپشن کا الزام لگانے والے گھنٹوں میں5 ارب سے زائد اکٹھے ہونے پر بدحال ہیں۔چیئر مین تحریک انصاف نے ایک بار پھر ثابت کر دیا کہ فارن فنڈنگ اور ممنوعہ فنڈنگ میں کیا فرق ہے۔ثابت ہوچکا ہے کہ قوم صرف عمران خان کو اپنا مسیحا،ہمدرد اور لیڈر مانتی ہے۔ مشیر اطلاعات نے کہا کہ پنجاب کابینہ نے سیلاب زدگان کی مدد کیلئے ایک ماہ کی تنخواہ دینے کا اعلان کیا ہے،وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے اپنا ہیلی کاپٹر سیلاب متاثرین کیلئے وقف کردیا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نےگزشتہ روزملاقات کرنیوالے صحافیوں کے وفدسے دوران گفتگو کیا۔سیکرٹری جنرل پی ایف یو جے رانا محمد عظیم کی قیادت میں نائب صدر اشرف مجید،اسسٹنٹ سیکرٹری جنرل میاں ندیم ، جنرل سیکرٹری پی یو جے محمد شاہد چوہدری،ممبر ایف ای سی عبداللطیف انور، ممبر ایف ای سی سجاد شاہ، محمد تنویر، امیر حیدر گھکا اور رانا مظہرکے ہمراہ ان سے ملاقات کی۔وفد نے مشیر اطلاعات کو صحافی برادری کو درپیش مشکلات سے آگاہ کیا۔ عمر سرفراز چیمہ کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت آزادی صحافت پر پورا یقین رکھتی اور میڈیا کو تبدیلی لانے میں حصہ دار سمجھتی ہے۔عمر سرفراز چیمہ کا کہنا تھا کہ چیئرمین عمران خان اور وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی صحافیوں کے حقوق کے علمبردار ہیں۔وفاقی حکومت حق سچ کی آواز بلند کرنے والے صحافیوں کیخلاف انتقامی کارروائیاں کررہی ہے۔صحافیوں پر تشدد اور انتقامی کارروائیوں کے حوالے سے کمیٹی بنا رہے ہیں۔ چوہدری پرویز الٰہی پہلے کی طرح اب بھی صحافیوں کو چھت فراہم کرنے کیلئے پرعزم ہیں۔سیکرٹری جنرل پی ایف یو جے رانا محمد عظیم نے کہا کہ وفاقی حکومت ایک نیوز چینل کو بند،سینئر صحافی عارف حمید بھٹی سمیت دیگر صحافیوں کے خلاف انتقامی کارروائیاں کررہی ہے۔حکومت سیلاب سے متاثرہ صحافیوں کے لئے بھی خصوصی اقدامات کرے۔